متحدہ عرب امارات کے لیے اضافی پروازیں شروع کی جائیں گی

مسافروں کی سہولتوں کو یقینی بنانے اور مہنگے ٹکٹوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 اکتوبر 2021 10:25

متحدہ عرب امارات کے لیے اضافی پروازیں شروع کی جائیں گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اکتوبر 2021ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔اُن کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولتوں کو یقینی بنانے اور مہنگے ٹکٹوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے جلد اضافی پروازیں شروع کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وراثت کا کوئی بھی تنازع اب آن لائن حل کر سکتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں کمیونٹی کی جانب سے اچھا ریسپانس مل رہا ہے کیونکہ اس سے ان کے وقت اور پیسے کی بچت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ روشن پاکستان سے بہت سے شہری اپنے ملک واپس آئے بغیر اپنے بینکنگ اور فنانشل امو بھی حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پڑوسی ملک میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ اگر عمران خان دہلی میں جلسہ کریں تو نریندر مودی سے بڑا جلسہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہو پا رہے ہیں۔ ہمارے ایک جانب چین ہے اور دوسری طرف بھارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہم اکنامک کاریڈور بنا سکتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ وہاں ایک مسلم کش مودی حکومت ہے۔ فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی نئی حکومت کو سہارا دینے کی کوشش کررہے ہیں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر نئی حکومت کو تسلیم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں