یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کی مارچ کی کال انتہائی غیراخلاقی اقدام ہے،شیخ رشید

23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہے، پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے، یوم پاکستان کو احتجاج کے طور پر اجاگر کرنا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کے مترادف ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 دسمبر 2021 20:18

یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کی مارچ کی کال انتہائی غیراخلاقی اقدام ہے،شیخ رشید
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کی مارچ کی کال انتہائی غیراخلاقی اقدام ہے، 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہے، مناسب ہوگا اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے، یوم پاکستان کو احتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کے مترادف ہے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں۔ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں۔ مناسب ہوگا کہ اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے، یوم پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔واضح رہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں آج پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا ،پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مہنگائی مارچ کیا جائے گا،ملک کے ہر کونے سے لوگ اسلام آباد آئیں گے،مہنگائی مارچ کی تیاریوں کیلئے اجلاس بلائے جائیں گے، پنجاب کی سطح پر شہبازشریف اجلاس بلائیں گے، شاہ اویس نورانی سندھ ، فضل الرحمان اسلام آباد میں اجلاس بلائیں گے، محمود اچکزئی بلوچستان میں اجلاس کریں گے۔

وکلاء، سول سوسائٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آئی ہے، اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے کا مسئلہ بھی زیربحث آیا،پی ڈی ایم کا اس پر اتفاق رائے موجود ہے، لیکن استعفے کب دینے ہیں یہ کارڈ کب استعمال کرنا ہے، اپنے وقت پر فیصلہ کریں گے۔ پی ڈی ایم اجلاس نے واقعہ سیالکوٹ کی بھرپور مذمت کی ،اجلاس میں قرار دیا کہ کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے، اس طرح کے واقعات کی مکمل روک تھام ہونی چاہیئے اور اس طرح کے واقعات کی کسی طرح بھی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ اس لیے کیا کہ مسئلہ قومی سطح کا ہے، ہم بھی قوم کا حصہ ہیں، اس ملک کا کوئی ایک مالک نہیں ہے، ماضی میں لانگ مارچ کا فیصلہ ہم نے کیا تھا، اب فیصلہ پی ڈی ایم نے کیا ہے۔لانگ مارچ سے آگے بھی جائیں گے یا نہیں تو اس پریہ کہوں گا کہ جمہوریت میں کوئی آخری فیصلہ نہیں ہوتا، تحریکیں دیرپا چلتی ہیں۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں