وزیراعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے

وزیراعظم کے ساتھ 5 وزراء چین جائیں گے، وزیراعظم نے وزراء کو کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنے اور منصوبوں سے متعلق مکمل تیاری کی ہدایت کردی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 جنوری 2022 17:35

وزیراعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2022ء) وزیراعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے، وزیراعظم کے ساتھ 5 وزراء چین جائیں گے، وزیراعظم نے وزراء کو کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنے اور منصوبوں سے متعلق مکمل تیاری کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دورہ چین پر 5 وزراء ساتھ جائیں گے۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ وزراء اپنی وزارتوں سے متعلق اہم بریفنگ لیں، دورہ چین پر جانے والے وزراء مفاہمتی یاداشتوں اور منصوبوں سے متعلق مکمل تیاری کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید ہدایت کی کہ چین جانے والے وزراء کورونا سے متعلق ایس اوپیز پر لازمی عمل کریں۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی معاشی سیاسی اور طے شدہ ایجنڈے پر بات کی گئی۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی متعارف کروائی، کورونا سے متعلق پاکستان کی پالیسی کامیاب رہی، کابینہ کو کورونا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین بہت ضروری ہے، جنہوں نے ویکسین لگوائی ان پر بہت کم اثرات مرتب ہوئے۔

فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی، فنانشل کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ابھی پوری شائع نہیں ہوئی، رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں ہے، پاکستان کا سکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا، پاکستان میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کرمینل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی، ہائی پروفائل اور اہم مقدمات کی سماعت براہ راست دکھائی جانی چاہیے، شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر کیا جائے، آصف زرداری کا اومنی کیس بھی براہ راست دکھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کیلئے5 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے، جن لوگوں نے ویکسین کرائی تھیں وہ نئی لہر سے متاثر نہیں ہوئے، کابینہ نے 5 ارب روپے مردم شماری کے لئے منظوری دے دی، دسمبر میں مردم شماری مکمل ہوگی جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی، 2023 کا الیکشن نئی حلقہ بندیوں پر ہوگا۔  فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے کرمینل لاء ترامیم کی منظوری دی ہے، ترمیم کے تحت ہر کریمینل کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں کرنالازمی ہو گا، فیصلے میں زائد وقت لگا تو مجسٹریٹ یا جج وجوہات بیان کریگا کہ التواء کیوں ہوا، اگرمتعلقہ جج مناسب وجوہات بیان نا کرسکا تو کارروائی ہوگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ ایس ایچ او کی تعلیمی قابلیت کم ازکم بی اے لازمی ہو گی۔ پراسیکیوشن کے دائرہ اختیار کو بھی بڑھایا جا رہا ہے، ہر کرمینل کیس کا فیصلہ 9 مہینے میں کرنا ہوگا، 9 ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر جج چیف جسٹس کو وجہ لکھ کر دے گا۔ پلی بارگین کرمینل مقدمات میں شامل کررہے ہیں، پولیس کو ضمانت کی پاوردی جارہی ہے، چیک کے مقدمات میں ضمانت ہوسکے گی، چالان پیش کرنے کی مدت 14 دن سے بڑھا کر45 دن کرنے کی تجویز دی ہے، ماڈرن ڈیوائسز کو شواہد کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے، کرپشن سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments