یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کا اقدام انتہائی قابل مذمت ہے ، شہبازشریف

پیر 23 مئی 2022 20:51

یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کا اقدام انتہائی قابل مذمت ہے ، شہبازشریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2022ء) وزیراعظم شہبازشریف نے ممتاز حریت راہنما محمد یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے ۔پیر کے روز جاری ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں ، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان عالمی وانسانی حقوق کے تمام اداروں اور اوآئی سی کے فورم پر یاسین ملک اورکشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کوپوری قوت سے اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا 5 اگست 2019کے ناجائز اور غیرقانونی اقدامات کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیرقانونی اور ناجائز ہے ۔

انہوں نے کہا جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کرنے والا بھارت کشمیریوں کی نمائندہ حقیقی قیادت کو ختم کرنے کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا آزادی کشمیر کی نشانی سید علی گیلانی شہید کے جسد خاکی سے ڈرنے والا بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوف زدہ ہے ۔ انہوں نے کہا اشرف صحرائی شہید، ان کے شہید صاحبزادے سمیت ہزاروں شہدائ کشمیر تحریک استصواب رائے کے حصول کی منزل کے سنگ ہائے میل ہیں ۔

انہوں نے کہا یہ سب شہدائ جموں وکشمیر میں غیرقانونی طور پر قابض بھارت کے ظلم وبربریت اور ریاستی دہشت گردی کے ثبوت ہیں ۔ انہو ں نے کہا پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت کے سیاہ قوانین اور عدالتی نظام عدل کے عالمی و تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا مسلمہ تاریخی حقیقت ہے کہ کسی قوم کو جبر وریاستی دہشت گردی ، سیاہ قوانین اور سزاوں سے غلام نہیں بنایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا ناجائز حکومت کے سیاہ قوانین سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو غلام نہیں بنایا جاسکتا ۔ بہادر کشمیریوں کو ان کی بے مثال جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مقصد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر حل کرائے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں