رانا ثناء اللہ کے خلاف کیس تحریک انصاف نے نہیں بنایا تھا

شہریار آفریدی نےحلف اٹھا کر غلط کیا تھا، جب وہ کابینہ میں یہ کیس لے کر آئے تو میں نے وہاں بھی اختلاف کیا تھا۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اعتراف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 جولائی 2022 16:59

رانا ثناء اللہ کے خلاف کیس تحریک انصاف نے نہیں بنایا تھا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی2022ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لیگی رہنما راناثناءاللہ پر جو 15کلو ہیروئن کا کیس بنایا گیا تھا وہ کیس جھوٹا تھا ۔انہوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ راناثناءاللہ کے خلاف کیس پاکستان تحریک انصاف نے نہیں بنایا۔

راناثناءاللہ کے خلاف کیس کس نے بنایا یہ ان سے ہی پوچھیں وہ اسمبلی میں بات کرتے رہے ہیں۔جب فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ شہریار آفریدی نے تو اس حوالے سے حلف بھی اٹھایا تھا۔جس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہریار آفریدی نے غلط کیا تھا، جب وہ کابینہ میں یہ کیس لے کر آئے تو میں نے وہاں بھی اختلاف کیا تھا۔میں نے یہ کیس کرنے سے منع کیا تھا،یہ مقدمہ کبھی بھی نہیں درج کرنا چاہئیے تھا۔

(جاری ہے)

۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر پر سنگین الزام عائد کیا تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے میرے خلاف مقدمے کے لیے ہیروئن کا تھیلہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا ، اسلام آباد پولیس نے ان کی بات نہ مانی تو انہوں نے ایف آئی اے کو استعمال کیا، اگر ہیروئن میری ثابت ہو جائے تو مجھے سزا دیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پہلے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا تھا پھر مقدمات بنائے جاتے تھے لیکن ہم نے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی کسی کے خلاف براہ راست مقدمہ بنایا ، کسی کے خلاف انکوائری میں کچھ سامنے آیا تو مقدمہ درج کیا جائے گا اور عدالت کے حکم سے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی تاہم عمران خان شروع سے دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلیک میلنگ کر رہے ہیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں