شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا

شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے،ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے،پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔پولیس کی استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 10 اگست 2022 10:41

شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ ۔10 اگست 2022ء) اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے اس رہنما کی گرفتاری کے بعد ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ سابق گورنر پنجاب سرفراز چیمہ نے عدالت سے اس گرفتاری کا نوٹس لینے کی درخواست کر دی ہے۔

سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس گرفتاری کو اغوا قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شہباز گل کے ایک معاون کی ایسی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی، جس میں وہ اس گرفتاری کی تفصیلات بتاتے نظر آتے ہیں۔ اس ویڈیو کو عمران خان سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ پاکستان کے کئی روزناموں نے اپنی آن لائن اشاعت میں تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں