190ملین پاؤنڈز اسکینڈل تحقیقات، پی ٹی آئی دور کے وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

قومی احتساب بیورو نے چیئرمین تحریک انصاف سمیت 22 اہم سیاسی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات تیز کردی ہیں

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 4 جون 2023 16:16

190ملین پاؤنڈز اسکینڈل تحقیقات، پی ٹی آئی دور کے وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات طلب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) 190ملین پاؤنڈز اسکینڈل تحقیقات، پی ٹی آئی دور کے وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے چیئرمین تحریک انصاف سمیت 22 اہم سیاسی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات تیز کردی ہیں۔ نیب نے پی ٹی آئی دورکے سابق وفاقی وزرا اورکابینہ ممبران کے نام گاڑیوں، جائیدادوں اور اکاؤنٹس کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

نیب نے ریکارڈ کے حصول کے لیے تمام صوبائی سیکرٹریز ایکسائز کو مراسلے جاری کردیے ہیں۔ نیب نے شیخ رشید، پرویزخٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، مرادسعید، اسدعمر فواد چوہدری، اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، شیریں مزاری، خالدمقبول اور فروغ نسیم سمیت دیگر کے نام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

نیب نے سابق وفاقی وزرا اورکابینہ ممبران کے نام اور ٹرانسفر گاڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

نیب مراسلے میں کہا گیا ہےکہ 2018 سے اب تک سابق وفاقی وزرا نےجتنی گاڑیاں خریدیں یا فروخت کیں تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ خیال رہےکہ نیب سابق وزرا اورکابینہ ممبران سمیت دیگر کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کی غیرمنتقلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے 190ملین پاؤنڈ اسیکنڈل میں سابق وزیراعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیا گیا تھا۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ،  سابق وزیراعظم عمران خان کا نام نیب راولپنڈی کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ وفاقی کابینہ نے سرکلر سمری کے ذریعے عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔ نیب نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے نیب کی جانب سے وزرات داخلہ کو خط لکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے 9 مئی کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے تھے۔ عمران خان ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ وہ اس حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں وہ پاکستان سے جانا ہی نہیں چاہتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں