وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کر دی،وزیرخزانہ کی جگہ وزیرخارجہ کونسل میں شامل

مشترکہ مفادات کونسل کی تاریخ میں پہلی بار وزیرخزانہ کو شامل نہیں کیاگیا ہے،8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 12:47

وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کر دی،وزیرخزانہ کی جگہ وزیرخارجہ کونسل میں شامل
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کر دی،پہلی مرتبہ وزیر خزانہ کی جگہ وزیر خارجہ کوکونسل میں شامل کیا گیا ہے،وزیراعظم کی منظوری کے بعد مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بطور ممبران کونسل میں شامل ہوں گے۔

مشترکہ مفادات کونسل کی تاریخ میں پہلی بار وزیرخزانہ کی جگہ وزیر خارجہ کو شامل کیاگیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار بطور رکن مشترکہ مفادات کونسل میں شامل ہوگئے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پہلی مرتبہ کابینہ کا حصہ بنے ہیں اس لیے ان کی جگہ تجربہ کار اسحاق ڈار کو کونسل میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ مشترکہ مفادات کونسل کے پرمننٹ ممبر ہوتے ہیں لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے تجربے اور صوبوں سے معاملات طے کرنے کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر سیفران انجینئر امیر مقام بھی مشترکہ مفادات کونسل کے ممبر ہوں گے، مشترکہ مفادات کونسل 21 مارچ 2024 سے وجود میں آگئی ہے۔اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی یا ای سی سی کے معاملے پر بھی کچھ ایسی صورتحال دیکھنے میں ائی تھی جب شروع میں وزیراعظم نے ای سی سی کی سربراہی خود سنبھال لی تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کیا گیا اور وزیر خزانہ محمد اورگزیب کو ای سی سی کا سربراہ بنایا گیا۔نوتشکیل شدہ کونسل نگران دور کی مشترکہ مفادات کونسل کی جگہ لے گی جس میںنگران دور کی سابق وزیر خزانہ شمشاد اختر، سابق وزیر قانون عرفان اسلم اورسابق وفاقی وزیر فواد حسن فواد شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں