آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی

ملک کے ہوائی اڈوں کو بھی سپلائی بند کر دی ہے، میٹررائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو فوری پورا کیا جائے، مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 11:30

آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپلائی راولپنڈی/اسلام آباد، گلگت اور آزاد کشمیر ریجن کو بند کی گئی ہے، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک کے ہوائی اڈوں کو بھی سپلائی بند کر دی ہے، ہمارے مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا۔

ایک بیان میں ترجمان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے کہا کہ پی ایس او حکام اور ڈی سی اسلام آباد کو نوٹس بھجوائے کوئی جواب نہیں ملا، میٹررائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو فوری پورا کیا جائے، ضلعی انتظامیہ اور حکام نے 20 فروری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے بعد ناپ تول کے پیمانے کے تحت ٹینکرز میں کم پیٹرول ڈیزل بھرا جارہا ہے، کم پیٹرول ڈیزل بھرنے سے ٹینکرز اونرز اور صارفین کو نقصان ہورہا ہے، اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کو متعدد بار آگاہ کر چکے، اب مطالبات کی منظوری تک سپلائی معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

ادھروفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئندہ 15روز کیلئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 4روپے 53پیسے بڑھا دی گئی، ڈیزل 8 روپے 14پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، پیٹرول کی نئی قیمت 293 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، اسی طرح اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 290 روپے 38پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، حکومت نے اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل آئندہ 15 روز کیلئے کیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عید سے قبل بھی پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کیا گیا جب کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی، حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لٹر نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی تھی جو کہ پہلے 279 روپے 75 پیسے تھی، اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے فی لٹر قیمت میں یکم اپریل سے 3 روپے 22 پیسے کی کمی کی گئی اور نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی تھی جو کہ پہلے 285 روپے 56 پیسے تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں