تحریک انصاف نے عمران خان کی حکومت ہٹانے میں سعودی کردار کی تردید کردی

شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دے کر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 16:26

تحریک انصاف نے عمران خان کی حکومت ہٹانے میں سعودی کردار کی تردید کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے رجیم چینج میں سعودی عرب کے کردار کی تردید کردی۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی ایما پر بطور مرکزی ترجمان جماعت کے رہنما شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کےحوالے سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دے کر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں، شیرافضل مروت کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مؤقف کی کسی طور پر بھی نہ تو غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں، یہ کلیتاً ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔

پی تی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں، پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں ہے، تحریک انصاف سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمنّاؤں کے اظہار کے ساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ رجیم جینج آپریشن میں امریکہ کے ساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں