بلوچستان سے سسٹم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہورہا ہے،چیف میٹرولوجسٹ

کراچی میں زیادہ تیز بارش کا امکان نہیں،بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے شدید بارش کی رپورٹ آرہی ہے،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے، سردار سرفراز

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 11:43

بلوچستان سے سسٹم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہورہا ہے،چیف میٹرولوجسٹ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کاکہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ تیز بارش کا امکان نہیں ، بلوچستان سے سسٹم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہورہا ہے ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے ۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے شدید بارش کی رپورٹ آرہی ہے، صوبے میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 15 سے 40 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی پر آج اور کل ہلکی سے متعدل شدت کی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں ٹاور، آئی آئی چند ریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آج کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے،24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں ہلکی سے درمیانی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب78 فیصد ہے جب کہ جنوب مغرب سے چلنے والی ہواکی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ بلوچستان میں پسنی، اورماڑہ، جیونی گوادر، نوشکی، نوکنڈی اور بارکھان میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے۔

خیبر پختونخواہ کے ضلع پارا چنار میں بھی طوفانی بارشوں سے کچے مکانات گرگئے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن نے بارش سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔انجینئر اسد اللہ خان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے پاس ٹوٹل 55 سکشن مشینیں موجود ہیں، آج رات تمام اہم شاہراہوں اور ڈیپ ایریاز کے مختلف مقامات پر سکشن مشینیں پہنچائی جائیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں