آزاد کشمیر میں چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم نے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دیدی،، آزاد کشمیر کی حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ایف سی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 16:47

آزاد کشمیر میں چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) حکومت نے آزاد کشمیر میں چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دے دی، آزاد کشمیر کی حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ایف سی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی۔

چینی باشندوں اور بجلی گھروں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی ہوگی۔ نیلم جہلم، منگلا، گل پور پاور ہاﺅسز کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے ایف سی کو تعینات کیا جائے گا۔اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 6 پلاٹونز تعینات کئے جائیں گے اور یہ تعیناتی 3 ماہ کیلئے ہو گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 26مارچ کوخیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد کی ہلاکت کے بعد امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور چینی باشندوں کی سیکورٹی پرکسی قسم کاسمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنایا جائیگا۔

گزشتہ ہفتے پنجاب میں چینی شہریوں اور کام کرنے والے افراد کی سیکیورٹی کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو مراسلہ جاری کیا تھا۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے علاوہ کام کرنے والے چینی شہریوں اور ملازمین کی سیکیورٹی کو فوری طور پر بڑھایا جائے۔سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کروایا جائے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ چینی شہریوں کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں 2 روز میں خریدی جائیں یا کرائے پر حاصل کی جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں