عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا‘ گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں اضافہ پر قابو پایا جانا چاہیے‘

ہزار سی سی تک گاڑی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی واپس لی جائے،ملک عامر ڈوگر

منگل 25 جون 2019 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا‘ گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں فی لٹر اضافہ ہوا ہے اس پر قابو پایا جانا چاہیے‘ ہزار سی سی تک گاڑی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی واپس لی جائے‘ مظفرگڑھ ‘ میانوالی روڈ کا منصوبہ قابل تعریف ہے‘ ملتان ‘ بہاولپور روڈ کو دو رویہ کیا جائے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ بجٹ بہترین اور کاروبار دوست بجٹ ہے۔ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا پڑے گا جو ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں نے ترقی کی وہاں لوگ ٹیکس دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

لوگوں کو اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ایف بی آر میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ تاجروں کو عزت دی جائے تاکہ ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل ہو سکے۔اس سلسلے میں ناجائز نوٹسز کے اجراء سے ان کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ 40 ہزار مالیت کے پرائز بانڈ کی رجسٹریشن درست اقدام ہے۔ اس طرح پانچ ہزار کے نوٹ پر پابندی سے بھی رشوت ستانی پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں سے ملک کا وقار بلند ہوا۔

عالمی رہنما پاکستان آرہے ہیں یہ وزیراعظم پر ان کے اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے اب عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اربوں روپے کے ڈاکے بند کردیئے گئے ہیں۔ اب وزیراعظم ایسا شخص ہے کہ جو قوم کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دے گا۔ ملک کے اربوں روپے لوٹنے والے جیل میں ہیں۔

اب وقت ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ واپس دلایا جائے۔ عدلیہ سے مطالبہ کروں گا کہ بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں۔ جیلیں ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں‘ ان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹے گئے اربوں روپے واپس قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں۔ بجٹ کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی پر 12 فیصد ٹیکس زیادہ ہے جس کی وجہ سے 70-75 روپے فی کلو قیمت فروخت ہو رہی ہے۔

گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں فی لٹر اضافہ ہوا ہے اس پر قابو پایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پر تین سو یونٹ تک سبسڈی قابل ستائش ہے۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اس کی حد میں ایک سے ڈیڑھ سو یونٹ کا اضافہ کیا جائے۔ تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ہزار سی سی تک گاڑی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی واپس لی جائے۔ روزمرہ کی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔

وفاق نے زراعت پر 6 ارب کا بجٹ بڑھا کر 12 ارب روپے کیا۔ زراعت پر ٹاسک فورس قائم کرنے پر سبسڈی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملتان سے بہاولپور دو رویہ سڑک کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ میانوالی سے مظفر گڑھ اہم روڈ ہے اسے دو رویہ کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ محروم اور نظر انداز کئے گئے علاقوں کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سٹاف کے لئے 5 اعزازیہ دیئے جاتے ہیں اس بار بھی یہ اعزازیہ دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں