ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، کسی دھرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،

کشمیریوں کے ساتھ ملکر کونسل 27اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے،لائن آف کنٹرول پر سفارتکاروں کے دورے سے بھارت کا جھوٹ کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے،جتھے اور گروہ کی صورت میں حکومت بدلنے کا عمل درست نہیں علما کونسل پاکستان کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) علما کونسل پاکستان کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، کسی دھرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،کشمیریوں کے ساتھ ملکر کونسل 27اکتوبر کو یوم سیاہ منائے گی،لائن آف کنٹرول پر سفارتکاروں کے دورے سے بھارت کا جھوٹ کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے،جتھے اور گروہ کی صورت میں حکومت بدلنے کا عمل درست نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علماء کونسل کے دیگر عہدے دار بھی انکے ہمراہ تھے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر سفارتکاروں کے دورے سے بھارت کا جھوٹ دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آگیا ہے،اگر بھارت میں اخلاقی جرآت ہے تو وہ بھی مقبوضہ کشمیر میں سفارتکاروں اور عالمی میڈیا کو دورہ کرائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور کسی دھرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس کے علاوہ یکم یا دو نومبر سے تبلیغی اجتماع شروع ہو رہا ہے ، ربیع الاول کے با برکت مہینے کی تقریبات بھی شروع ہوجائیگی گی ایسی صورتحال میں کسی بھی جماعت کو دھرنے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور آزادی مارچ میں شریک ہونے والی تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دوں گا وہ ملک کی بہتری کے لیے افہام و تفہیم سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ جتھے اور گروہ کی صورت میں حکومت گرانے کا عمل نا ماضی میں درست تھا نا اب ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی مدد د جاری رکھیں گے اور 27 اکتوبر کو پاکستان علمائ کونسل کشمیر یوں کے ساتھ مل کر یوم سیاہ منائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کی مساجد اور مدارس پاک فوج کے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی رابطہ کاری یا سہولت کاری سے عالم اسلام کے مسائل حل ہوتے ہیں تو پاکستان علماء کونسل اس کی تائید کرتی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 23فروری 2020 کو اپنا یوم تاسیس بھرپور انداز سے منائے گی ،اس کے علاوہ 31مارچ کو عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صدر مملکت اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سمیت سمیت دنیا بھر سے مسلم قیادت شرکت کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں