قومی احتساب بیورو ایک آزاد ادارہ ہے جو آزادانہ طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے

حکومت کا نیب کے امور سے کوئی تعلق نہیں،پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب

ہفتہ 6 جون 2020 01:10

اسلام آباد ۔ 5 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ایک آزاد ادارہ ہے جو آزادانہ طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے ، حکومت کا نیب کے سرکاری امور سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ حکومت کا قانون کی حکمرانی پر پختہ یقین ہے اور اداروں کے سرکاری امور میں کوئی مداخلت نہیں کرتی۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دنوں پوری شریف فیملی مفرور ہے جسے صرف اقتدار کی ہوس ہے اور وہ اس مقصد کے لئے مختلف حربے استعما ل کر رہی ہے، فرخ حبیب نے کہا کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی کرپشن سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور اسی لئے انہوں نے ان انتخابات میں ان دونوں جماعتوں کو مسترد کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کرانے کے بہانے بیرون ملک گئے اور وہاں کسی بھی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے بلکہ لندن میں آرام اور مزے کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی واپسی کے لئے عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کورونا وائرس پر سیاسی پوائنٹ سکورننگ کر رہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا عوام کا وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت کی پالیسیوں پر پختہ یقین ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں