مریم نواز طے شدہ منصوبے کے تحت نیب پیشی پر گئیں، ن لیگی قیادت نے اداروں پر حملیوں کی روایت دوہرائی ، یہ تاثر غلط ہے کہ نیب صرف اپوزیشن کا احتساب کر رہا ہے، آج مریم نواز نیب کے سامنے پیش ہوئی ہیں تو وزیراعلی پنجاب بھی پیش ہوں گے، حکومت کو اپوزیشن جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین رنگے ہاتھوں ملک کو لوٹتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اب احتساب ہو رہا تو پھر شور کیسا

وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

بدھ 12 اگست 2020 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مریم نواز طے شدہ منصوبے کے تحت نیب پیشی پر گئیں، ن لیگ ماضی میں بھی اداروں پر حملوں کی تاریخ رکھتی ہے اور آج لیگی قیادت نے روایت دوہرائی ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ نیب صرف اپوزیشن کا احتساب کر رہا ہے، آج مریم نواز نیب کے سامنے پیش ہوئی ہیں تو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی پیش ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف مخلص نہیں ہیں اسلئے ان کی اے پی سی سے خوفزدہ نہیں ہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین رنگے ہاتھوں ملک کو لوٹتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اب احتساب ہو رہا تو پھر شور کیسا۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے موجودہ حکومت کی اس کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں ہے، جو بھی بدعنوانی میں ملوث ہو اس کے خلاف بلاتفریق تحقیقات ہونی چاہییں اور وہ ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ہوابازی نے کہا کہ میں نے ایوان میں کہا تھا کہ میں اپنے خلاف نیب کی تحقیقات کو ویلکم کرتا ہوں اور میرے خیال میں پوری کابینہ کا احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی گزشتہ 35 سال سے باریاں لے رہی ہیں، یہ لوگ تین، تین مرتبہ وزارت عظمی اور چھ، چھ مرتبہ وزارت اعلی پر فائز رہے ہیں، انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے اور رنگ ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، اب ان کا اور ان کی فیملیز کا احتساب ہو رہا ہے تو پھر شور کیسا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ جو لوگ اداروں پر حملے کرتے ہیں وہ ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے کیونکہ اداروں پر حملوں کا مطلب ملک کو کمزور کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں بدنامی کے خطرے ہوتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اداروں پر حملے کئے جائیں، ن لیگ کو اداروں پر اعتماد ہونا چاہیے، اگر یہ لوگ بے گناہ ہوئے تو عدالت کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ وفاقی وزیر ہوابازی نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کا مسئلہ یہ ہے کہ جب یہ اقتدار میں ہوں تو سب اچھا، ورنہ انہیں سب کچھ برا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو طلب کیا ہے تو بعض لوگ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی تبدیلی ہونے والی ہے لیکن مجھے مستقبل قریب میں پنجاب میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ن لیگ نے ایسا ماحول پیدا کر دیا تھا کہ حکومت کو نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت دینا پڑی، سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس اب ٹھیک ہیں اور وہ لندن میں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور کاوشوں کی بدولت ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ جو اموات ہوئی ہیں ان پر افسوس بھی ہے، وباء کے دوران ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو فرنٹ سے بیماری کے خلاف مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب حکومت کی تمام تر توجہ معیشت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں