سپریم کورٹ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:57

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2020ء) : سپریم کورٹ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی ہے ،ہفتہ کو عدالت عظمی سے جاری کردی ججز روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 26 تا 30 اکتوبر کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں سات ریگولر بینچز مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد،جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا ،بینچ دو میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے ،بینچ تین جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل ہوگا،بینچ چار میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہوں گے ،بینچ پانچ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل ہوگا ،بینچ چھ میں جسٹس منظور ملک,جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس قاضی امین شامل ہوں گے ، بینچ سات جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہوگا ، جاری کر دہ کاز لسٹ کے مطابق سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ئ کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست ، مسلم لیگ( ن ) کے رہنما دانیال عزیز کی جانب سے دائر درخواست اور سندھ کے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت 26 اکتوبر بروز ( پیر) کو ہوگی ، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے نیب کی جانب سے دائر درخواست اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کیس میں دائر نظر ثانی اپیلوں پر سماعت 27 اکتوبر بروز( منگل )کو ہوگی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر عدلیہ اور معزز ججز صاحبان کو تنقید کا نشانہ بنانے والے صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف از خود نوٹس کیس اور جعلی بینک اکاونٹس کیس میں ملوث ملزمان ڈاکٹر ڈنشا اور جمیل بلوچ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت 28 اکتوبرکو ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں