پاکستان کے سفیر علی جاوید کی انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کے صدر سے ملاقات

ہفتہ 30 مارچ 2024 12:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2024ء) پاکستان کے سفیر علی جاوید نے انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کے صدر الوارو لاریو کے ساتھ (آئی ایف اے ڈی ) ہیڈ کوارٹرز میں دو طرفہ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد میں تنظیم کے نئے دفتر کے افتتاح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر کی معاونت میں سفارت خانے کے قونصلر برائے بین الاقوامی تنظیمیں اور متبادل مستقل نمائندے تھے جبکہ صدر آئی ایف اے ڈی کو ان کی ٹیم نے مدد فراہم کی۔

آئی ایف اے ڈی ایک بین الاقوامی مالیاتی ادارہ ہے اور اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ایجنسی ہے جو ترقی پذیر ممالک کے دیہی علاقوں میں غربت اور بھوک سے نمٹنے کے لیے کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر آئی ایف اے ڈی نے گزشتہ سال جون میں ہوسٹ کنٹری ایگریمنٹ (ایچ سی اے ) پر دستخط کو گرمجوشی سے یاد کیا جس کے نتیجے میں اسلام آباد میں آئی ایف اے ڈی کنٹری آفس کا قیام عمل میں آیا اور اسے ایک اہم دو طرفہ سنگ میل قرار دیا۔

آئی ایف اے ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر پاکستان فرنانڈا تھوماز ڈا روچا جو اس موقع پر موجود تھیں نے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت تک لے جانے کے لیے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وہ اگلے ماہ آئی ایف اے ڈی کنٹری آفس اسلام آباد کو باضابطہ طور پر فعال کریں گی۔صدر آئی ایف اے ڈی نے آئی ایف اے ڈی کی سب سے بڑی شراکت دار ریاست کے طور پر پاکستان کی حیثیت کو اجاگر کیا اور آئی ایف اے ڈی کے 13ویں ریپلنشمنٹ سائیکل کے لیے اسلام آباد کی طرف سے باضابطہ تصدیق کو سراہا۔

ملک کے تمام صوبوں میں جاری منصوبوں کے ساتھ آئی ایف اے ڈی کا سب سے بڑا پورٹ فولیو پاکستان میں ہے اور دونوں فریقوں نے 2.91 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے 28 منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ صدر آئی ایف اے ڈی نے فروری میں عام انتخابات کے ذریعے پاکستان میں جمہوری عمل کی منتقلی کا خیرمقدم کیا اور آئی ایف اے ڈی کنٹری آفس اسلام آباد کے قیام کے وقت کو ایک بہترین موڑ پر آنے کا خیرمقدم کیا۔

سفیر نے صدر آئی ایف اے ڈی کو پاکستان کے دو طرفہ دورے کی دعوت دی تاکہ سیاسی قیادت کے ساتھ روابط کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور آئی ایف اے ڈی کنٹری آفس اسلام آباد کا افتتاح کیا جا سکے۔ صدر آئی ایف اے ڈی نے دعوت کو قبول کیا اور 2024 کی آخری سہ ماہی میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔آئی ایف اے ڈی کے قیام میں پاکستان کے سابق وزیر خارجہ مرحوم سرتاج عزیز کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے، دونوں فریقوں نے 1979 سے بہترین تعاون کی ان کی دیرینہ تاریخ کا خیرمقدم کیا، اور جاری منصوبوں کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آخر میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کا عزم کیا اور آئندہ آئی ایف اے ڈی کنٹری آفس اسلام آباد کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون کو تسلیم کیا تاکہ ان کی شراکت داری میں نئے باب کا آغاز ہو سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں