ایمسٹرڈیم میں مقیم عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی نگار جمی نیلسن کا پاکستان کے شمالی علا قہ جات بشمول چترال کی وادی کیلاش اور بلتورو گلیشیئر کا سیاحتی دورہ

منگل 9 اپریل 2024 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ایمسٹرڈیم میں مقیم ایک عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی نگار جمی نیلسن نے پاکستان کے شمالی علا قہ جات بشمول چترال کی وادی کیلاش اور بلتورو گلیشیئر کا سیاحتی دورہ کیا۔ یہ گلیشیئر قطبی علاقوں اور دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑ K2 کے قریب پائے جانے والے بڑے گلیشیئر ز میں سے ایک ہے۔

سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈ نے پاکستانی حکام بشمول انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے باہمی اشتراک سے جمی نیلسن کے دورہ پاکستان کا انتظام کیا۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے جمی نیلسن سے ایمسٹرڈیم میں ان کے سٹوڈیو میں ملاقات کی جہاں جمی نیلسن نے اپنے دورہ کے متعلق اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آئندہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے سیاحتی دوروں کا بھی عزم ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

جمی نیلسن اپنے کیمرے کے لینز کے ذریعے مقامی ثقافتوں اور علاقائی زندگیوں کے سفر کو بیان کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فوٹو گرافی پر مبنی کہانیوں کی تین کتب مرتب کی ہیں جس میں 'بیفور دی پاس اووے' اور 'ہومیج ٹو ہیومینٹی' شامل ہیں۔ جمی نیلسن کا کام دنیا کے مختلف حصوں میں تصویری اور عمیق نمائشوں کے انعقاد کی وجہ سے مشہور ہے۔ جمی نیلسن پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں شمار کرتے ہیں۔

اس سے قبل وہ اپنی اوائل عمری میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اوراس طرح پاکستان ان کی بطور نوجوان ایڈونچر اور فوٹوگرافی کی ابتدائی منازل میں سرِ فہرست ہے۔ سفیرسلجوق مستنصر تارڑ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستانی سفارت خانہ ملکی اداروں اور دیگر حکام کی مدد سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔اور جمی نیلسن کے اگلے دورے کا منتظر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں