اراکین قومی اسمبلی کا ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی ، کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار

جمعہ 19 اپریل 2024 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کے پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبائی حکومتوں مطالبہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں ،صوبے میں قانون نافذ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں سے نمٹنے کے لیے غیر روایتی حکمت عملیوں پر کام کریں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد نہ صرف کچے علاقوں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی پھیل رہا ہے، اس لعنت کو روکنے کے لئے موثر حکمت عملی اور سخت فیصلوں کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دور میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا تھا جس میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر دہشت گردی پر قابو پایا اور اس کے ساتھ ہی ملک میں امن بحال ہوا۔

اسی طرح ایک مشترکہ کوشش شروع کی جانی چاہیے اور حزب اختلاف کی جماعتوں کو اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کو دہشت گردی اور تشدد سے پاک کرنے کے اس مسئلے پر متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کو استعمال نہ ہونے دیں تا کہ پاکستان کو ایک پُر امن ملک بنانے میں مدد مل سکے ۔

پولیس کو جدید اسلحہ اور ضروری تربیت فراہمی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف لڑائی میں سندھ پولیس کے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پرخراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے ہی کوششیں کررہی ہے لیکن ڈاکوؤں کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے سندھ پولیس کو جدید ترین اسلحہ اور تربیت فراہمی لازمی ہے ۔

صوبائی حکومت کی کوششوں سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جو روز بروز بڑھتا جا رہا ہے کیونکہ کچے علاقوں میں عوام کی جان و مال خطرے میں ہے اور ریاستی حکام کو اس لعنت کے خاتمے کے لیے پوری کوشش کرنی چاہیے۔ڈاکوؤں کے خلاف موثر کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے کہا کہ ڈاکوؤں کا مسئلہ ایک سنگین معاملہ ہے جس پر متعلقہ حکام کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ، سندھ کی صوبائی حکومت صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں