انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف سائوتھ ایشین سٹڈیز سنگاپور کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پیر 29 اپریل 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور انسٹی ٹیوٹ آف سائوتھ ایشین سٹڈیز نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود اور انسٹی ٹیوٹ آف سائوتھ ایشین اسٹڈیز سنگاپور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اقبال سنگھ سیویہ نے پیر ایک ورچوئل تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رخسانہ افضل نے بھی شرکت کی۔ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر ایسٹ ایشیا اینڈ پیسیفک ڈویژن محمد جنید اور ڈائریکٹر چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر ڈاکٹر طلعت شبیر بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی جی آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود نے ایم او یو کو دونوں اداروں کے درمیان باضابطہ تعلقات قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضل سے اظہار تشکرکیا اور ایم او یو کے جامع دائرہ کار پر روشنی ڈالی جس میں علاقائی، عالمی اور اسٹریٹجک امور پر تحقیق، تبادلے اور مکالمے کے باہمی متفقہ ایجنڈے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ اور آسیان کے تناظر میں اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو دونوں فریقوں کے درمیان روابط سمیت عوام سے عوام کے رابطوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

ہائی کمشنر رخسانہ افضل نے کہا کہ ایم او یو پاکستان کو سنگاپور کے محققین اور اکیڈمی سے منسلک کرنے کے حوالے سے اہم ہے، دونوں ممالک کی ریسرچ کمیونٹیز کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے ہائی کمیشن کی کوششوں کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کا مقصد ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو بہتر طور پر سمجھنے کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ڈاکٹر اقبال سنگھ سیوا نے کہا کہ آئی ایس اے ایس اور آئی ایس ایس آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت باہمی تعاون کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ فریقین نے نئی شراکت داری میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے قریبی مشاورت پر بھی اتفاق کیا۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں