ضلع اسمبلی جیکب آبادکااجلاس مچھلی منڈی بن گیا ، ممبران کا واک آئوٹ

عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہ کرانے والے ممبران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ، ممبران میں تلخ کلامی، جوتا د کھا دیا گیا

منگل 25 ستمبر 2018 20:12

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) ضلع اسمبلی جیکب آبادکااجلاس ،عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہ کرانے والے ممبران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ، ممبران میں تلخ کلامی، جوتا دکھایا گیا،ترقیاتی منصوبوں اورضلع کونسل کی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن پر ممبران کا واک آؤٹ، اجلاس مچھلی مارکیٹ میں تبدیل ۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ضلع کونسل کا اجلاس چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ممبر میر گل محمد جکھرانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ضلع کونسل میں پیپلز پارٹی کے وہ ممبران بھی موجود ہیں جن ممبران نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں کرایا اور سرعام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے خلاف مہم چلائی اس لیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کی رکنیت ختم کی جائے، انہوں نے کہا کہ جن ممبران نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی مخالفت کی وہ استعفیٰ دیکر دوبارہ الیکشن جیت کر دکھائیں تو ان کو پتہ چلے گا، اس دوران ایک اور ممبر سید عزیز اللہ شاہ نے بھی اس بات کی تائید کی اور کہا کہ جن ممبران کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا انہوں نے پارٹی سے غداری کی ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اس دوران ممبران کی جانب سے تلخ جملوں پرمیر فولاد خان لہر اور سید عزیز اللہ شاہ الجھ پڑے اور دونوں ممبران نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے اس موقع پر اجلاس میں موجود میر فولاد خان لہر کے بھتیجے عبدالستار لہر نے سید عزیز اللہ شاہ کو جوتا دکھایا تو ماحول گرم ہوگیا اور اجلاس مچھلی مارکیٹ میں تبدیل ہوگیا اور ممبران دست و گریباں ہونے لگے تھے کہ ضلع کونسل کے چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو اپنی کرسی چھوڑ کر پہنچ گئے اور ممبران کے درمیان ہونے والے جھگڑے کو ختم کرایا، علاوہ ازیں ضلع کونسل کے ممبران حاجی افضل کھوسو، میر اکرم بروہی، حاجی جلیل بجارانی و دیگر نے ترقیاتی کام نہ ہونے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، ضلع کونسل میں جعلی بھرتیوں اور ضلع کونسل کی بلڈنگ کی تعمیر میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈز میں بدعنوانی پر احتجاج کیا اور اجلاس کا واک آؤٹ کیا، جس کے بعد ناراض ممبران کومنا کر واپس لایا گیا، ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اجلاس میں ضلع اسمبلی کے 64اراکین کی جانب سے اپنے حلقوں میں تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے اخبار میں ٹینڈر دینے کی منظوری دی گئی جبکہ ممبران کو اعزازیاں ، گریڈ اور گاڑی دینے کی قراردادیں منظور کی گئی۔ اجلاس میں ہونے والی تلخ کلامی اور کشیدگی کے حوالے سے ضلع کونسل کے ممبر میر فولاد خان لہر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے مگر ہمیں اور ہمارے علاقے کو نظر انداز کیا گیا اور ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئی یونین کونسل دوداپور کے ماہانہ فنڈز بھی بند کرادئیے گئے اس لیے عام انتخابات میں اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کا استعمال کیا مگر آج اجلاس میں کچھ ممبران نے تلخ جملے استعمال کئے جس پر معاملہ بگڑا ہم سے اگر کوئی پوچھ سکتا ہے تو وہ پارٹی قیادت ہے اور ہم پارٹی قیادت کے سامنے جوابداہ ہیں ۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں