یوم دفاع و شہدا ء پاکستان کے حوالے سے’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے عنوان سے جھنگ میں شاندار تقریب کل ہو گی

بدھ 5 ستمبر 2018 18:11

جھنگ۔5 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2018ء) ہمیں پیار ہے پاکستان سے کے عنوان سے جھنگ میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے شاندار تقریب کل (6 ستمبر ،جمعرات کو) صبح 10بجے طاہر گارڈن کینال روڈ جھنگ صدر پر منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جھنگ حافظ شوکت علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ شاکر حسین داوڑ ہوں گے۔ مہمانان اعزاز کے طور پر سیاسی ، سماجی ، عوامی ، فلاحی و دفاعی شعبہ جات کی نامور شخصیات بھی تقریب کی زینت ہوں گی۔

اس موقع پر معروف گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر بشریٰ نذیر ، صائمہ عفت لودھی ، عبدالرحیم لودھی، ماہم خان اور بریرا فاطمہ لودھی سمیت دیگر مہمانان بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔تقریب میں 6ستمبر کے حوالے سے شہدائے پاکستان اور غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی و عسکری تاریخ کا انتہائی اہم اور یاد گار دن ہے جو ہمیں ان ایام کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی بہادر فوج اور پوری قوم نے متحد ہو کر بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیاتھا اور یہ وہ موقع تھا جب پاکستانی قوم نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور ایسی مشترکہ جدوجہد کی جو آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ مشعل راہ کا کام کرتی رہے گی ۔

انہوںنے کہاکہ یوں تو ہم ہر سال یوم دفاع روایتی طور پر مناتے ہیں تاکہ جنگ ستمبر کے ان لازوال لمحوں کو یاد کیا جائے جس میں پاک افواج نے جرات و بہادری اور قربانیوں کی شاندار داستان رقم کی ۔انہوںنے کہاکہ زندہ اور بیدار قومیں اپنی قومی تاریخ کے یاد گار دنوں کو بڑے جوش و جذبے اور پر عزم انداز میں مناتی ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بھی ان اہم قومی دنوں اورمعرکوں سے مکمل آگاہی اور آشنائی رہے جبکہ وہی قومیں دنیا میں اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں جو اپنا بھر پور دفاع کرنا جانتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اس بار یوم دفاع کو روایتی انداز کے برعکس منفرد انداز سے منانے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے گہرے اثرات پوری قوم پر مرتب ہونگے کیونکہ ہم نئے عزم اور ولولے سے شہدائے پاکستان اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے تاکہ آنے والے وقت میں بھی ہم متحد ہو کر کسی بھی جارحیت یا مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پختہ عہد کریں ۔

انہوںنے کہاکہ عسکری ادار وںکی طرف سے یوم دفاع کا تھیم ’’ ہمیں پیار ہے پاکستان سے ‘‘ بڑی کشش اور قومی جذبات کا حامل ہے جو حب الوطنی کو مزید ابھارنے کا شاندار ذریعہ ہے جس کے باعث یوم دفاع ہماری قومی یکجہتی کیلئے پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور ہم اس اہم اور ترجیحی ذمہ داری کو نبھانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پہلے یہ ذمہ داری ہمارے بزرگوں اور پاک فوج کے جوانوں نے شاندار انداز میں نبھائی ہے لیکن اب دفاع پاکستان کی ذمہ داری نبھانے کی ہماری باری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں