جہلم سمیت صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم 25-2024 کا آغاز ہو گیا

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:50

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) جہلم سمیت صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم 25-2024 کا آغاز ہو گیا، کاشتکار ہفتہ 13 اپریل سے باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواستیں دے سکیں گے۔ ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق گزشتہ روز سے باردانہ ایپ پر درخواستیں جمع کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں وصول کی جائیں گی، پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔

محکمہ خوراک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کو باردانہ کے اجراء اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسج بذریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا، محکمہ خوراک باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر فراہم کرے گا جبکہ سوموار 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوجائے گی،محکمہ خوراک کے ترجمان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں، جہلم سمیت صوبہ بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں، کاشتکار بھائیوں سے گندم 3900 روپے فی من کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی جبکہ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز ادا کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ چھوٹے کسانوں کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے، پالیسی کے مطابق فلور ملوں، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ خوراک نے بتایا کہ گندم خریداری مہم کے دوران شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا اور کاشتکار گندم خریداری مہم کے حوالے سے کسی بھی شکایت پر ٹال فری نمبر080013505 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں