حویلی کے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں‘وزیراعظم آزاد کشمیر

حویلی کے عوام کے حوصلے بلند ہیں جنہوں نے 72سالوں سے ہندوستان کی طرف سے ایل او سی پر رہنے والے سول آبادی پر فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف ہمیشہ عملی ثبوت دیا ہے

منگل 17 ستمبر 2019 13:05

حویلی کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے حویلی کے عوام کے حوصلے بلند ہیں جنہوں نے 72سالوں سے ہندوستان کی طرف سے ایل او سی پر رہنے والے سول آبادی پر فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف ہمیشہ عملی ثبوت دیا ہے ۔حویلی کے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں ۔

میں ان کے حوصلوں کو میں حویلی کے خطہ کے باسیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے یہاں آیا ہوں ۔کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ 42روز سے کرفیومیں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔بہت جلد ہم اس لکیر کو روند ڈالیں گے اس کے لیے عملی طور پر تیار ہو جائو ۔وزیراعظم آزاد کشمیر گزشتہ روز حویلی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس اور متاثرین ایل او سی سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حویلی کہوٹہ تینوں اطراف سے بھارتی افواج کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے ۔اہلیان حویلی کے حوصلے بلند ہیں ۔لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ایل او سی پر رہنے والوں میں سب سے زیادہ حصہ ضلع حویلی والوں کا بنتا ہے ۔یہاں کے لوگوں کو کارڈز اور آٹا سرکاری ریٹ پر فراہم کیا جائے گا۔

حویلی کی تعمیر و ترقی اور پورے خطہ کی تعمیر و ترقی کا سہرا چوہدری محمد عزیز کے سر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر آزاد ہو گا۔اس کے لیے اہلیان حویلی بھی پوری طرح تیار رہیں ۔انشاء اللہ حویلی آزاد کشمیر کا اہم تجارتی مرکز ہو گا۔یہ بڑے شہروں کے سنگم پر واقع ہے ۔ہندوستان کی طرف سے گزشتہ 72سالوں سے ظلم و جبر کا حساب لیا جائے گا۔ہمیں سرینگر اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی مائوں بہنوں کی قربانیوں کا احساس ہے ۔

اُن کی آہوں اور سسکیوں کی آواز ہمیں ہر وقت محسوس ہوتی ہے ۔اُن کو بھارتی پنجہ استبداد سے آزادی دلانے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔وزیراعظم آزا د کشمیر نے اس موقع پر متاثرین ایل او سی سے یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان زندہ ،پاک فوج زندہ باد ،وزیراعظم تحریک آزاد کشمیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں