ایوبی آمریت کا سیاہ دور ،بھٹو کے مظالم اہل بلوچستان کبھی فراموش نہیں کرسکتے، سردار اختر جان مینگل

جمعرات 18 جنوری 2024 22:24

سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2024ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور این اے 261 سوراب قلات مستونگ سے نامزد امیدوار سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ایوبی آمریت کا سیاہ دور اور بھٹو کے مظالم اہل بلوچستان کبھی فراموش نہیں کرسکتے، بدقسمتی یہ کہ آج ان آمروں کے نام پر سیاست کرکے شہید نواب نوروز خان زہری اور لونگ خان مینگل کی دھرتی کے باسیوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، بلوچ قوم کے ننگ و ناموس کے لئے آواز نہ اٹھانے والوں کو بلوچ قوم سے ووٹ کی بھیک مانگنے کا کوئی حق حاصل نہیں، بلند و بانگ دعووں کے باوجود سوراب میں سوائے جھنڈوں اور انتخابی نشانات میں تبدیلی کے سوا اور کوئی ترقی نہیں آتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوراب بازار میں منعقدہ ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سردار اختر جان مینگل کا کہنا تھا کہ میرے احتساب کا شوق رکھنے والے کبھی ایوانوں میں اس مظلوم قوم کے حق میں دو بول بول کر دکھائیں تو بلوچ قوم مان جائے گی، ریاست کے ایوانوں میں بلوچستان اور اہل بلوچستان کی موثر اور توانا آواز آج بھی بلوچستان نیشنل پارٹی سمجھی جاتی ہے، ہم نے ہر دور میں تمام تر مصائب اور انتقامی کاروائیوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کرتے ہوئے بھی اس دھرتی کی ترجمانی کا فرض نبھائے ہیں، جبکہ اس برعکس یہاں کے وہ سیاسی رہنما جو علاقوں اور صوبے کے اپنے آپ کو وارث قرار دیتے ہوئے نہیں تھکتے، ہر دور کے آمر اور صوبے کے استحصال میں شریک قوتوں کا ہمنوا بن کراقتدار اور مراعات کے مزے لیتے رہے ہیں، جن کے پاس بلوچ مسنگ پرسنز مارچ کے مظلوم شرکاء کے سر پر دست شفقت رکھنے کے لئے وقت اور حوصلہ نہیں وہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیاسی کردار پر انگلی اٹھا رہے ہیں، اس بات کا فیصلہ بلوچ قوم اور تاریخ کرے گی کہ بلوچستان کا مقدمہ کون لڑتا رہا ہے اور کس نے اقتدار کے حصول اور اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے قوم کو دھوکہ دے کر ووٹ حاصل کی ہے، عوام ان کی دوغلی سیاست اور بے سروپا باتوں میں نہ آئیں، تمام تر لالچ اور دھونس دھمکیوں کو جوتے کے نوک پر رکھتے ہوئے 8 فروری کو اپنی ووٹ کی طاقت سے اس دھرتی کے تحفظ اور یہاں کے مظلوم لوگوں کے حقوق کے لیے حقیقی جدوجہد میں مصروف عمل بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرکے اپنی وطن دوستی کا ثبوت دیں، بلوچستان نیشنل پارٹی یہ یقین دلاتی ہے کہ ان کے نمائندے ایوانوں میں پہنچ کر آپ کو مایوس نہیں کریں گے، جلسہ عام سے پارٹی کے مرکزی رہنما آغا موسی جان احمد زئی ٹکری شفقت لانگو پی بی 35 سوراب سے پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالطیف قلندرانی ضلعی آرگنائزر سلطان امام امان اللہ مینگل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر متعدد افراد نے دیگر سیاسی جماعتوں سے استعفیٰ دے کر بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا جنہیں سردار اختر جان مینگل اور پارٹی قائدین نے پارٹی پرچم پہنائے اور انہیں خوش آمدید کہا۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں