علی امین گنڈا پور، عمر ایوب اور شبلی فراز کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دیا ہے، عمران خان

میڈیا ٹاک پر پابندی لگا کر میرے بنیادی حقوق ختم کردیئے گئے ہیں، میں اداروں کو کیسے نقصان پہنچا سکتا ہوں، سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن زیرِ التوا ہیں جن پر سماعت نہیں کی جارہی۔ جیل میں صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 16:19

علی امین گنڈا پور، عمر ایوب اور شبلی فراز کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دیا ہے، عمران خان
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور، عمر ایوب اور شبلی فراز کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹاک پر پابندی لگا کر میرے بنیادی حقوق ختم کردیئے گئے ہیں، میں اداروں کو کیسے نقصان پہنچا سکتا ہوں، سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن زیرِ التوا ہیں جن پر سماعت نہیں کی جارہی، میرے دور حکومت کا موجودہ دور سے موازنہ نہیں ہو سکتا، ملک کے جو حالات ہیں ان میں سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ کسی کو بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کا اختیار نہیں دیا‘ اس موقع پر صحافی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ ’آپ کی پارٹی میں چیئرمین پی اے سی کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے؟‘، جس پر عمران خان نے کہا کہ ’مجھے مشاورت ہی نہیں کرنے دی جا رہی، آج مشاورت مکمل ہو جائے گی‘۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کے دوران جب صحافی نے قائد پی ٹی آئی سے پوچھا کہ ’آپ نے شیر افضل مروت کو نامزد کیا ہے، کیا وہ ہی نام فائنل ہے؟‘، اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پی اے سی چیئر مین شپ پر مشاورت کے بعد جواب دوں گا‘، ایک اور صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’اس کا مطلب شیر افضل مروت کا نام واپس لے لیا گیا ہے، اب آپ نے کون سا نیا نام تجویز کیا ہے؟‘ جس پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’ابھی کوئی نام فائنل نہیں کیا، اس معاملے پر کل تک نام فائنل کرلیں گے‘، کسی صحافی نے ان سے کہا کہ ’آپ کسی کو نامزد کرتے ہیں پارٹی لیڈر شپ اس نام کو نہیں مانتی، پارٹی میں کیا چل رہا ہے؟ اس سوال کے جواب میں قائد تحریک انصاف نے بتایا کہ ’ہم نے شیر افضل مروت کا نام دیا تھا لیکن ابھی اس معاملے پر مزید مشاورت کررہے ہیں‘۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں