ٹیلی نار پاکستان اور ون راک انٹرنیشنل کے مابین کاشتکاروں کی معلومات بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل تکنیکس متعارف کرانے کیلئے شراکت داری

منگل 16 اکتوبر 2018 17:58

ٹیلی نار پاکستان اور ون راک انٹرنیشنل کے مابین کاشتکاروں کی معلومات بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل تکنیکس متعارف کرانے کیلئے شراکت داری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) ٹیلی کام اور ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے ملک کے اہم ترین ادارے ٹیلی نار پاکستان نے سماجی، زرعی اور ماحولیاتی حل فراہم کرنے والے مایہ ناز ادارے وِن راک انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے تحت ٹیلی نار پاکستان اپنی فلیگ شپ m-agri سروس ’’خوشحال زمیندار‘‘ کے ذریعے وِن راک انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر صوبہ پنجاب اور سندھ کے 12 اضلاع میں جدید طریقے اور ٹیکنالوجی متعارف کراتے ہوئے کسانوں کو پیداوار میں اضافہ اور فصلوں کے نقصانات کے بارے میں سہولیات فراہم کرے گا۔

خوشحال زمیندار ایک ڈیجیٹل آڈیو پلیٹ فارم ہے جس میں کسانوں کو موبائل فونز کے ذریعے موسم کی صورتحال، فصلوں کی موثر کٹائی کے طریقوں اور براہ راست بصری مشاورتی خدمات تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

معلومات پر مبنی یہ مہم ون راک انٹرنیشنل پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمنٹ (پی اے ڈی) منصوبہ کا حصہ ہے۔ پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمنٹ کی ٹیکنیکل ٹیم نے اس مہم کے لئے جو مواد تیار کیا ہے اس میں فصلوں و باغبانی سے متعلق منصوبہ بندی، سائیٹ کا انتخاب، نرسری پلاننگ اور بوائی، بیج کی قیمت، کیڑے مکوڑوں اور بیماری پر قابو پانا، کھاد کا استعمال، کٹائی کیلئے ضروریات، بنچ مینجمنٹ، پھولوں کے کاروبار، پیکنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، مالیاتی آگاہی اور مارکیٹنگ سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

یہ مواد ٹیلی نار پاکستان خوشحال زمیندار پلیٹ فارم کے ذریعے 4 لاکھ کسانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کی چیف ڈیجیٹل آفیسر دردانہ اچکزئی نے کہا کہ درست اور جدید کاشتکاری سے متعلق معلومات تک رسائی تمام چھوٹے اور بڑے کسانوں کا حق ہے اور ٹیلی نار معاشرے کو بااختیار بنانے کے اپنے وژن کے ساتھ ’’خوشحال زمیندار‘‘ کے ذریعے معلومات کے خلاء کو کم کرنے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

کسانوں کو زرعی فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ وِن راک انٹرنیشنل کے ساتھ ہماری شراکت داری زرعی شعبہ میں جدت کیلئے راہ ہموار کرے گی جو پاکستان جیسے ملک کی زراعت پر مبنی معیشت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے PAD پروجیکٹ کے چیف آف پارٹی فرخ بیگ مرزا نے کہا کہ پاکستان میں زرعی ترقی کیلئے چھوٹی سطح پر کسانوں کو جدید تکنیک اور آلات متعارف کرانا بہت اہمیت کا حامل ہے اور ٹیلی نار کے ساتھ ہماری شراکت داری اس جانب ایک اہم قدم ہے۔

ان کمیونٹیز میں ڈیجیٹل سروسز میں اپنے تجربہ بالخصوص ’’خوشحال زمیندار‘‘ کے ساتھ ٹیلی نار پاکستان کی رسائی کی بدولت ہمیں یقین ہے کہ ہم آئندہ دو سالوں میں بالواسطہ یا بلاواسطہ چار لاکھ کسانوں کو اس سروس کے فواد پہنچانے کے قابل ہوں گے۔ یہ سروس سندھ میں ٹھٹھہ، میرپور خاص، حیدر آباد، مٹیاری، عمر کوٹ، ٹنڈو الہٰ یار اور خیرپور اور پنجاب میں شیخوپورہ، ملتان، مظفر گڑھ، خانیوال، بہاولپور اور لودھراں میں کسانوں کے لئے علاقائی زبانوں میں فراہم کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں