سندھ کا پہلا شہری جنگل کراچی میں قائم کیا جائیگا، صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

پائیدار فاریسٹ مینجمنٹ پالیسی 2019 کی تیاری کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل کی جائیگی، سیدناصرحسین شاہ

اتوار 20 جنوری 2019 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کی ترقی اور ان اضافے کے لئے جامع و مربوط اور شفاف پالیسی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں میرٹ و چیک اینڈ بیلنس کا پائیدار ٹھوس نظام قائم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات کے دفتر میں پائیدار فاریسٹ مینجمنٹ پالیسی 2019 کی تیاری ، ایکٹس ، سالانہ ترقیاتی پروگرام ، سیکریٹریز کمیٹی میٹنگ میں جنگلات کے حوالے سے ایجنڈے ، سپریم اور ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ جنگلات عبدالرحیم سومرو، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ریونیو اعجاز نظامانی ، چیف کنزرویٹران لینڈ مینگروز ریاض احمد وگن ، کنزرویٹر جنگلات آغا طاہر حسین ، سوشل فاریسٹ سیکرٹری حیدرآباد ذوالفقار علی میمن، سوشل فاریسٹ سیکریٹری سکھر حیدر رضا خان، تمام سرکل کے کنزرویٹرز ، کنزرویٹر کراچی جاوید احمد مہر ، پی پی سی (ایس ایف ایم پروجیکٹ ) عبدالحق کے علاوہ ڈائریکٹر میڈیا مینجمینٹ وزیر جنگلات و جنگلی حیات محمد شبیہ صدیقی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ موسمیاتی تغیرات ، فضائی آلودگی اور ٹیمپرچر میں اضافہ کے پیش نظر کراچی میں سندھ کا پہلا شہری جنگل (اربن فاریسٹ) قائم کیا جائے گا جس کا دائرہ بتدریج صوبے کے تمام شہروں تک وسیع کیا جائے گا۔ گرین کراچی کے تحت ملیر ندی اور ریلوے لائن کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ماحول دوست اور پھلدار درخت لگائے جائے گیں اور بھرپور شجر کاری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اربن فاریسٹ قائم کرنے کا مقصد کراچی میں بڑہتی ہوئی آلودگی کو کم کرنا ، شہر کو سرسبز بنانا ، اور ٹیمپریچر میں اضافہ کو کم کرنا ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ وہ آنے والے بہار کے موسم میں جنگی بنیادوں پر اپنی تیاری مکمل کرلیں اور اس سلسلے میں شجرکاری کے حوالے سے کام کرنے والی این جی اوز سے رابطہ کرکے انہیں اپنے پروگرام میں شامل کریں۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ سندھ کے جنگلات میں اضافہ کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے۔صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے افسران کو سپریم کورٹ آف پاکستان اور سندھ ہائی کور ٹ کی جانب سے جنگلات کے حوالے سے دیئے گئے احکامات پر من وعن عمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے افسران کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور ڈویثرنل ہیڈکوارٹرز کے لیول پر اربن فاریسٹری شروع کرنے کی ہدایت کی۔

سیکریٹری جنگلات نے اس موقع پر مختلف حوالوں سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سندھ پائیدار فاریسٹ مینجمنٹ پالیسی 2019 کے لئے کنسلٹیٹو ورکشاپس ، سییمنارز ، اجلاسوں ، تمام اسٹیک ہولڈرز، اکیڈمیاں اور کمیونٹی کی آراء کو شامل کر کے ایک ڈرافٹ کی صورت میں آئندہ ہفتے پیش کردیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے افسران پر زور دیا کہ جنگلات کی ترقی صوبے میں درختوںکی تعداد میں اضافہ اور ان کی حفاظت کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی امانت ہیں اور ہر صورت میں ان کی حفاظت و نشونما کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی رکہتے ہیں اور جنگلا ت کی ترقی و درختوں میں اضافہ کے لئے ان کی خاص ہدایات بھی ہیں۔ سرسبز سندھ ، سندھ حکومت کا عزم بھی ہے۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام جاری اسکیموں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ وقت پر مکمل کروائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں