الیکشن کمیشن کے اقدامات سے صاف نظر آرہا ہے نتائج مخصوص جماعت کی جھولی میں ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے، آفاق احمد

متنبہ کرنا چاہتا ہوں یہ جو کچھ کیا جارہا ہے وہ ناصرف ملک بلکہ جموریت کیلئے تباہ کن ہوگا جس کے نتائج سب کو بھگتنے پڑیں گے اب عوام باہر سے لاکر مسلط کئے گئے کسی شخص کو قبول نہیں کریں گے، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 23:34

الیکشن کمیشن کے اقدامات سے صاف نظر آرہا ہے نتائج مخصوص جماعت کی جھولی میں ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے، آفاق احمد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات سے صاف نظر آرہا ہے کہ نتائج مخصوص جماعت کی جھولی میں ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے ۔ میں متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ یہ جو کچھ کیا جارہا ہے وہ ناصرف ملک بلکہ جموریت کیلئے تباہ کن ہوگا جس کے نتائج سب کو بھگتنے پڑیں گے کیونکہ اب عوام باہر سے لاکر مسلط کئے گئے کسی شخص کو قبول نہیں کریں گے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ اس بات میں کوئی ابہام نہیں کہ انتخابی نتائج کے ذریعے ’’لاڈلوں‘‘ کو نوازنے کی پوری تیاری کی جاچکی ہے لیکن اسکے باوجود انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور عوام سے بھی کہنا چاہیں گے کہ بائیکاٹ کرنے یا بائیکاٹ کا مطالبہ کرنے والوں کی باتوں پر کان دھرنے کی بجائے 25جولائی کو اپنا ووٹ لازمی بھگتائیں کیونکہ اگر کسی کے بہکاوے میں آکر ووٹ ٖڈالنے سے گریز کیا گیا تو من پسند نتائج مرتب کرنے والوں کو یہ کہنے کا موقع ملے گا کہ مہاجر عوام نے ووٹ کم ڈالے اس لئے زیادہ ووٹ لینے والا جیت گیا ! ہماری خواہش ہے کہ عوام زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالیں تاکہ انکو پتا چل جائے کہ انکے ووٹ ڈالنے کے باوجود کس طرح کمروں میں بیٹھ کر نتائج بنائے جاتے ہیں اور کس طرح اپنی مرضی کے لوگوں کو کامیاب کرایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ جس طرح ایون فیلڈ ریفرنس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جاتی رہی اور انکی جانب سے اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے استثناء کی درخواست رد کرکے سزا سنائی گئی تو اس سزا کے بعد جب وہ پاکستان واپس آئے تو انکی سزا کے خلاف اپیل کو بھی روزانہ کی بنیاد پر سنا جانا چاہئے تھا ۔

جب انکی اہلیہ کی بیماری کے باوجود روزانہ سماعت ہوسکتی ہے تو اس سزا کے خلاف اپیل کی سماعت بھی روزانہ ہوسکتی تھی لیکن ایسا نہ ہوا، نواز شریف کی اپیل کو الیکشن کے بعد تک موخر کرکے اس تاثر کو تقویت بخشی ہے کہ فیصلے عدالت کی بجائے کہیں اور ہورہے ہیں ، اس قسم کا تاثر ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حوالے سے جو ہمارے تحفظات ہیں وہی دیگر جماعتوں کے بھی ہیں اور جیسا میں نے پہلے کہا کہ چند لاڈلوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے اور ان لاڈلوں میں ’’ دو سیاسی اور دو مذہبی جماعتیں‘‘ شامل ہیں ۔

جنوبی سندھ صوبہ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے صوبہ کی تحریک جب شروع کی اس وقت دوسروں کا اس حوالے سے نام و نشان بھی نہیں تھا کیونکہ ہم یہ بات نوے کی دہائی میں اچھی طرح سمجھ چکے تھے کہ ہمیں اقلیت بنا کرکر ہمارے حقوق غصب کرنے والے کبھی شہری سندھ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ، ہماری اس بات کی تصدیق 2017کی مردم شماری سے بھی ہوتی ہے کہ جو شہر مشرف دور میں دو کروڑ تھا وہ آج ڈیڑھ کروڑ کردیا گیاحالانکہ 6فیصد سالانہ کے حساب سے ملک کے دیگر حصوں سے لوگوں کی آمد بھی جاری ہے ، یہ ساری صورتحال NFCمیں ہمارا حصہ ہڑپ کرنے کیلئے کیا گیا اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے تمام تر مسائل کا حل جنوبی سندھ صوبہ کے قیام سے ہی ممکن ہے ۔

پریس کانفرنس کے آخر میں چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ الیکشن کے نام پر سلیکشن کا عمل ملک اور جمہوریت کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا جس سے اجتناب کرنا چاہئے ،الیکشن کمیشن کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن صرف کاغذوں میں ہوگا اور اس کاغذ پر ہوگا جسے من پسند امیدواروں کے نتائج کے نام پر مرتب کیا جائے گا ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں