وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طویل عرصے سے رہائش پذیر افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کی خوشی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا

اتوار 23 ستمبر 2018 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی میں طویل عرصے سے رہائش پذیر افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کا اعلان کرنے کی خوشی میں ان قومیتوں کے مکینوں نے اتوار کو ریلی کا انعقاد کیا یہ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی گئی جو کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی دوسری جانب پاک مسلم الائنس (دیوان) نے بھی کراچی میں رہائش پزیر بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلان کی خوشی میں ریلی کاانعقاد کیا۔

ریلیوںمیں بنگالیوں اور افغانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلیوں کے شرکانے وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کی حمایت میں نعرے بھی لگائے۔ان ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس بونیری اور دیگر نے کہا کہ افغانیوں اور بنگالیوں کی تیسری نسل ہے ان کو پاکستانی شہریت دی جانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

عمران خان سے لاکھ سیاسی اختلافات کے باوجود اس کے اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

پریس کلب پر ہزاروں افغانی اور بنگالی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان جنگ میں مجاہدین کو استعمال کیا گیا تھا پاکستان نے خود مہاجرین کو آباد کیا تھا۔تمام افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دی جائے اور ان کے شناختی کارڈ بنائے جائیں۔ پاک مسلم الائنس (دیوان) کے رہنمائو ں نے بنگالیوں کو شہریت دینے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی میں بنگالیوں کے مسائل حل کئے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں