شہر قائد کے علاقے گارڈن میں فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

مقتول مزار قائد ٹریفک سیکشن پر تعینات تھا اور واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ لگتا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس

پیر 21 جنوری 2019 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) شہر قائد کے علاقے گارڈن میں فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، مقتول اہلکار مزار قائد ٹریفک پولیس سیکشن پرتعینات تھا۔پولیس کے مطابق سولجر بازار کے علاقے گارڈن ایسٹ نشتر روڈ ابو عبیدہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت 22 سالہ محمد احتشام ولد محمد عرفان کے نام سے کی گئی ، مقتول ٹریفک پولیس کا اہلکار اور مزار قائد ٹریفک پولیس سیکشن پر تعینات تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس جاویدمہرنے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ مقتول مزار قائد ٹریفک سیکشن پر تعینات تھا اور واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ لگتا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ واقعے کے وقت مقتول پولیس اہلکار یونیفارم میں اپنی موٹرسائیکل پر مزار قائد پولیس چوکی ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ عقب سے اس پر فائرنگ کی گئی ، جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے دو خول ملے ہیں ، سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر جاوید نے بتایا کہ مقتول کو تیس بور پستول سے چار گولیاں ماری گئیں اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والے خول فرانزک کے لیے بھجوا دیئے گئے ہیں۔شہید اہلکار احتشام کے چچا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ احتشام نے 3 دن قبل دوستوں کے ساتھ لسبیلہ میں کرائے پرمکان لیا، ڈیڑھ سال سے احتشام گارڈن کے قریب ہمارے ساتھ رہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ رات کو بارش کے وقت احتشام کوکال کی مگربات نہ ہوسکی، حیدرآباد میں مقتول احتشام کے والدین کواطلاع کردی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں