کراچی میں بیشترعوامی ،ْترقیاتی کام صرف جماعت اسلامی کے دور میں ہوئے ،ْ حافظ نعیم الرحمن

کراچی شہر منی پاکستان ہے ، مختلف زبانیں بولنے والوں کا خوبصورت گلدستہ ہے،بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے خطاب

ہفتہ 23 فروری 2019 22:15

کراچی میں بیشترعوامی ،ْترقیاتی کام صرف جماعت اسلامی کے دور میں ہوئے ،ْ حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں عوامی ،فلاحی اور ترقی کے جوکام ہوئے وہ کسی اور دور میں نہیں ہوئے ، عبد الستارافغانی نے سب سے پہلے حب ڈیم سے کراچی کے لیے 100ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ، نعمت اللہ خان نے K3منصوبہ مکمل کیا اور K4کے لیے کام شروع کیالیکن اس کے بعد ایم کیو ایم کے دور میں شہر میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا ، اگر نعمت اللہ خان کے دور کاترقیاتی عمل جاری رہتا اور K4سمیت دیگرمنصوبے وقت پر مکمل ہوتے تو آج شہر کی یہ حالت نہ ہوتی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ڈسٹرکٹ سوات کی تحصیل بحرین کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی ، یوسی چیئرمین موسی لین فضل الرحمن ،الیکشن سیل کے نگراں راجا عارف سلطان ، تحصیل بحرین کے ناظم حبیب اللہ ثاقب ،نائب ناظم محمد شعیب ، اے این پی کے محمد رفیق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بلدیاتی نمائندوں میں جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی ، اے این پی سے وابستہ افراد شامل تھے۔تقریب میں سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امیر کراچی محمد اسلام ،ڈپٹی سکریٹری حافظ عبد الواحد شیخ ،انجینئر عبد العزیز ، امیر ضلع شرقی یونس بارائی ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو اجرک کا تحفہ پیش کیا جبکہ تحصیل بحرین کے ناظم حبیب اللہ ثاقب نے حافظ نعیم الرحمن کو تحائف پیش کیے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کی کرپشن اور نااہلی کے باعث ترقیاتی فنڈز اور وسائل عوام پر استعمال نہیں کیے جارہے ، عوام کی ترقی و خوشحالی اور مسائل کے حل میں بلدیاتی اداروں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،جماعت اسلامی الخدمت کے پلیٹ فارم سے گراس روٹ لیول پر کام کررہی ہے جس میں تعلیم ، صحت ، کفالت یتامیٰ ، پینے کاصاف پانی سمیت دیگر پروجیکٹس پر کام کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے ، یہ مختلف زبانیں بولنے والوں کا خوبصورت گلدستہ ہے، پورے ملک سے لوگ روزی کے حصول کے لیے کراچی آتے ہیں اور کام کرتے ہیں ، کراچی میں ہمیشہ لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر عوام کو آپس میں لڑوایا اورخون بہایا گیا لیکن الحمد للہ جماعت اسلامی نے ایسے پر فتن دور میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ، فرقہ واریت اور عصبیت کے دورمیں بھی عوام کے ساتھ رہے ، اب کراچی کے عوام میں شعور بیدار ہوا ہے اور ان شاء اللہ کراچی شہر ایک بار روشنیوں اور خوشیوں کا شہر کہلائے گا ۔

تحصیل بحرین کے ناظم حبیب اللہ ثاقب نے کہاکہ ہمارے ساتھ تمام پارٹیوں سے وابستہ افراد ہیں ، ہم ڈسٹرکٹ کونسل میں بھی مکمل ہم آہنگی اور پارٹی مفادات سے بالاتر اور متحد ہوکر عوام کے لئے کام کرتے ہیں ، ہم نے چار سالوں میں 4 بجٹ متفقہ طور پر منظور کیے اور سب کو مساوی حق دیا ، اپوزیشن کے ساتھ تعلقات اتنے اچھے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن ہے ہی نہیں ، انہوں نے کہاکہ ہم تعلیم ، صحت ، ایگری کلچر ، یوتھ اور خواتین سمیت دیگر شعبوں میں کام کرتے ہیں ۔وفد میں تحصیل بحرین ممبران عقل زادہ ، فدا محمد خان ، حزب اللہ شاہد ، عبد الحسین ، انجینئر سعید، نوا خان ، محمد عمر ، ساجد علی و دیگر بھی موجود تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں