گورنرسندھ عمران اسماعیل سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر کی ملاقات

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:21

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر کی ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر ہمیش میک ماسٹر نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اعزازی قونصل جنرل معین فودا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم، انتہا پسندی، آر ایس ایس کی غنڈا گردی، مصائب کا شکار کشمیریوں پر مزید عرصہ حیات تنگ کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارتی ریاستی ظلم و بربریت سے پورا خطہ جنگ کے دہانے پر آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر صورت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی، کشمیر کے مسئلے کے لئے آخری حد تک جائیں گے، آخری سپاہی، آخری گولی تک لڑنے کے لئے پوری قوم تیار ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیوزی لینڈ اپنا اثر و رسوخ بھارت پر آزمائے اور اسے خطے میں غنڈا گردی کرنے سے روکا جائے۔

نیوزی لینڈ کے سفیر نے کشمیر پر پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے دیر پا امن کے لئے مسئلہ کشمیر کو جلد کشمیروں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہم سب کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی میں زندگی اپنے عروج پر ہے، یہاں معاشی، سماجی، ثقافتی کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیاں بھرپور انداز سے جاری ہیں، اس ضمن میں بیرونی سرمایہ کار اس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن مدداور تعاون فراہم کرے گی سرمایہ کاروں کو بڑی مراعات فراہم کرنے کا مقصد ان کی حوصلہ افزئی کرنا مقصود ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں