وزیر پورٹ و شپنگ علی زیدی مردم شماری نتائج کے خلاف جواب جمع کرانے میں ناکام ، عدالت کا اظہاربرہمی

دسمبر تک مردم شماری کمیٹی لازمی جواب جمع کرائے، عدالت نے سختی کیساتھ آخری تنبیہ ،بصور ت دیگر عدالت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ خود کریگی

منگل 24 نومبر 2020 16:27

وزیر پورٹ و شپنگ علی زیدی مردم شماری نتائج کے خلاف جواب جمع کرانے میں ناکام ، عدالت کا اظہاربرہمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) سندھ ہائی کورٹ نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی مردم شماری کے نتائج کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست پر ادارہ شماریات کمیٹی کے ہیڈ اور وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی کو آخری وارننگ دے دی ہے ۔ عدالت نے سختی کے ساتھ انہیں وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جواب جمع کرانے کے لئے آپ کو دیا جانے والا یہ آخری موقعہ ہے ،15 دسمبر سے پہلے پہلے جواب جمع کرا دیا جائے۔

بصورت دیگر عدالت خود فیصلہ کرے گی کہ بلدیاتی الیکشنزکا انعقاد کس طرح کیا جائے گا پرانی مردم شماری کے تحت یا نتائج جاری کروا کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آئینی درخواست نمبر 4452/2020 کی سماعت کی۔ درخواست میں فیڈریشن آف پاکستان، پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو جواب دہندگان بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسانی سرمایہ کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم اثاثہ ہے اور وقتا فوقتا قومی مردم شماری کا انعقاد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں 2017 کے حتمی نتائج کی بنیاد پر انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کا اعلان کرنے اور شیڈول کے مطابق پاکستان سمیت سندھ میں نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ قومی مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو جان بوجھ کر اصل آبادی سے کم دکھایا گیا ہے۔

کراچی شہر کی تقریبانصف آبادی مردم شماری کے اعداد و شمار میں شامل ہی نہیں ہے ،یہ کراچی اور اس کے عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ کراچی پاکستان کا محصولات کا انجن اور معاشی حب ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی معاشی نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا رویہ کراچی کے ساتھ انتہائی منفی ہے۔ جب تک کراچی کی اصل آبادی کو صحیح طور پر شمار نہیں کیا جاتا اس کو ترقیاتی فنڈز میں اس کا مناسب حصہ نہیں مل پائے گا۔

بدعنوانی اور بدانتظامی نے کراچی کے شہری بنیادی ڈھانچے کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچایا ہے اور اب اس کا شمار دنیا کے پسماندہ شہروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان کراچی اورکراچی کے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔ پاسبان کے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشنز میں تاخیری حربے استعمال کرنے کی غرض سے وفاقی و صوبائی حکومتوں نے چھٹی قومی مردم شماری کے نتائج ابھی تک جاری نہیں کئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں