بلاول بھٹو کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آئی، بہن کی منگنی میں شرکت مشکوک

بختاور بھٹو کی منگنی کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو والے افراد ہی منگنی کی تقریب میں شرکت کر سکیں گے، بلاول بھٹو کو بھی رپورٹ کا انتظار

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 25 نومبر 2020 23:12

بلاول بھٹو کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نہیں آئی، بہن کی منگنی میں شرکت مشکوک
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 نومبر 2020ء) چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نہ آنے کی وجہ سے بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلاول بھٹو نے کورونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی، جمعے کو ان کی بہن کی منگنی ہے جس میں شرکت کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب جمعہ کی شام بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگی۔ تقریب میں شریک مہمانوں سمیت بلاول ہاؤس میں تعینات عملے کو کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا۔ اس حوالے سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آنے کی صورت میں بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں شرکت کر سکیں گے، کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نہ آنے یا رپورٹ پوزیٹو آنے کی صورت میں وہ منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر بلاول بھٹو کا کورونا پوزیٹو آ جاتا ہے تو منگنی کی تقریب کینسل بھی ہو سکتی ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ رات یہ خبر آئی تھی کہ قریبی ساتھی میں کرونا تشخیص کے بعد بلاول بھٹو نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان بلاول ہاؤس جمیل سومرو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جمیل سومرو میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور دیگر کچھ رہنماؤں نے فوری خود کو قرنطینہ کر لیا ۔

بلاول بھٹو اور دیگر پی پی رہنما اگلے چند روز تنہائی میں گزاریں گے۔ بتایا گیا کہ جمیل سومرو عمومی طور پر ہر وقت بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ رہتے ہیں، اسی لیے حالیہ کچھ روز کے دوران ان کے ساتھ ملاقات کرنے والے تمام افراد نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو اور دیگر پی پی رہنماؤں نے اپنے کورونا ٹیسٹ بھی کروائے ہیں، جن کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں