اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد

پی ٹی آئی رہنما سمیر شیخ سمیت دیگر6ملزمان کی دونوں مقدمات میں50،50ہزار کے عوض ضمانت منظور سندھ کو ان چوروں اور ڈاکوئوں سے نجات دلوائوں گا، ایم پی ایز کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، پولیس ان کی غلام بن چکی ہے،حلیم عادل شیخ

پیر 1 مارچ 2021 14:19

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 2مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد کر دی۔حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیاگیا۔پیرکوانسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے حلیم عادل شیخ کی پی ایس 88 ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی کیس اور تجاوزات کیس میں ضمانتیں مسترد کردی گئیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما سمیر شیخ سمیت دیگر6ملزمان کی دونوں مقدمات میں50،50ہزار کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی۔

تحریک انصاف کے سمیر میر شیخ کے وکیل نے دوبارہ درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ کورٹ نمبر تین نے پہلی درخواست ضمانت غیر موثر ہونے پر خارج کر دی تھی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 3 نے درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں ہنگامہ آرائی ، جلائو گھیرائو، اقدام قتل اور دہشت گردی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نامزد ہیں۔

حلیم عادل شیخ کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں۔پیشی کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کو ان چوروں اور ڈاکوئوں سے نجات دلوائوں گا،گزشتہ روز ہمارے کورنگی کے صدر پر ایف آئی آر کاٹی گئی۔انہوں نے کہاکہ ایم پی ایز کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، پولیس ان کی غلام بن چکی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں