اسدعمر کابغیر کسی پروٹوکول کے کراچی کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا دورہ، مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سنے

کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے،وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ وفاق کے ترقیاتی کاموں سے ناراض ہیں، میڈیا سے بات چیت

اتوار 13 جون 2021 22:20

اسدعمر کابغیر کسی پروٹوکول کے کراچی کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا دورہ، مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سنے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسدعمر نے اتوار کے روز بغیر کسی پروٹوکول کے کراچی کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سنے،اسد عمر نے تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ہمراہ تاجررہنمائوں سے ملاقات کی،پی ٹی آئی ورکرز کے ہمراہ موٹرسائیکل پراسد عمرکراچی کے مختلف علاقوں میں بغیرپروٹوکول گئے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔

اس موقع پراسد عمرنے کہاکہ کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے،وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ وفاق کے ترقیاتی کاموں سے ناراض ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمرنے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی تحریک انصاف کراچی کے صدرخرم شیرزمان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیرخان رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج دیگرکے ہمراہ برنس روڈ ، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کی سڑکوں پر موٹرسائیکل پر سفر کیا،انہوں نے ترقیاتی منصوبوں ، کھیلوں کے میدانوں اور سڑک کی مرمت کے کاموں اور وزیراعظم عمران خان کے دیے گئے فنڈز سے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر عتیق میر سے ملاقات بھی کی اوران سے کراچی کے تاجروں کے مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔اسد عمرکا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے،سندھ کا 90 فیصد سے زائد ریونیو کراچی سے اکٹھا ہوتا ہیکراچی کی موجودہ حالت انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی شہری انتظامیہ کے پاس جو ماضی میں ادارے تھے اور بعد میں انہیں صوبائی حکومت نے لے لیا تھا انہیں شہری انتطامیہ کو دوبارہ واپس کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہاکہ گرین لائن منصوبے کے آخری 2 مراحل پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور امید ہے کہ جون تک بسز بھی پہنچ جائیں گی اوراس امید کا اظہارکیا کہ رواں برس اگست میں کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرین لائن کی شکل میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نظام چلنا شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کے 4 فور منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل پر پہنچانے،پاکستان ریلوے کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جنہیں تیزی سے آگے لے کرچلیں گے، کراچی کے لیے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے کراچی نے ہمیں پالاہے، اس شہرکواس کاحق دلوائیں گے۔ اسدعمر نے کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ کہتے ہیں کہ وفاق کراچی میں ترقیاتی کام کیوں کرا رہا ہی ویسے سید مراد علی شاہ درست کہتے ہیں کیوںکہ گلیوں میں کام کرانا وفاق کا کام نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کام نہیں کرے گی تو مجبورا وفاق کو گلیوں میں کام کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ کراچی کی گلیوں کو دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا ہے،کراچی سندھ کا حصہ ہے اور وفاق اپنے صوبوں کو نظر انداز نہیں کرتا ہے،وفاقی حکومت کراچی کی رونقیں واپس لانے کے لئے کراچی میں تجاوزات مافیا کے خلاف لڑ رہی ہے۔

سندھ کی صوبائی حکومت نے صوبے کے میگا شہر کو یکسر نظرانداز کیا ہے کیونکہ کئی دہائیوں سے اب تک کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں۔ "وفاقی حکومت روشنی کے شہر میں ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے مقامی لوگ بھی وفاقی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں کیونکہ انہوں نے دیکھا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی اور ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا کہ ماضی میں اراکین پارلیمنٹ ٹھیکیداروں سے کمیشن رشوت لیتے تھے تاہم معاملات بالکل بدل چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برنس روڈ کے علاقے میں سڑک کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور سیوریج نظام میں بہتری سمیت ترقیاتی کاموں کے لئے تاجروں کو بھی ساتھ لیا گیا۔اس موقع پر معروف تاجر عتیق میر نے بھی کراچی میں ترقیاتی کاموں کے لئے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں