پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے کشمیر کاز کیلئے جدوجہد کررہی ہے، بلاول بھٹو

بدھ 27 اکتوبر 2021 22:16

پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے کشمیر کاز کیلئے جدوجہد کررہی ہے، بلاول بھٹو
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے کشمیر کاز کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کی عوام کا حق ہے، بھارت کو یہ حق غصب کرنے نہیں دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ جنت نظیر کشمیر کو بھارت نے دنیا کا سب سے بڑے ٹارچر سیل میں تبدیل کردیا ہے، آج بھی بھارتی قید خانے کشمیری نوجوانوں سے بھرے ہوئے ہیں، عالمی برادری انہیں بلاتاخیر آزاد کروائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اپیل کرتا ہوں، وہ خطے میں امن و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے تعاون کرے، مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے کشمیر کاز کے لئے جدوجہد کررہی ہے، پیپلز پارٹی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتی ہے، کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں، ان کی اسی طرح سے حمایت جاری رکھیں گے، جس طرح شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کرتے تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ کشمیر کاز کی خاطر جانیں قربان کرنے والے کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، گزشتہ سات دہائیوں سے جدوجہد کرنے والے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments