گالف کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،گورنرسندھ

ٹورنامنٹ میں ڈھائی کروڑ روپے تک کے انعامات رکھے گئے ،انعامی رقم کے اعتبار سے پاکستان میں گالف کا یہ سب سے بڑا ایونٹ ہے ، تقریب سے خطاب

اتوار 28 نومبر 2021 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) گالف کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ،اس وقت نوجوان گالف میں دلچسپی لے رہے ہیں ،باصلاحیت گالفرز اسپانسرز نہ ہونے کے باعث انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ نہیں لے پاتے ، میری باصلاحیت گالفر ز کو آفر ہے کہ آپ انٹر نیشنل ایونٹ کے لئے کوالیفائی کریں ہم آپ کو اسپانسر کریں گے ان خیالا ت کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ گورنر زکپ اوپن گالف ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے تک کے انعامات رکھے گئے تھے انعامی رقم کے اعتبار سے یہ پاکستان میں گالف کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے ،آئندہ بھی اس طرح کے دیگر ایونٹ کروائیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے عجلت میں نئے بلدیاتی نظام کا بل پاس کیا جو عمل غیر ذمہ دارانہ ہے ،ایم کیو ایم، جی ڈی اے اورپی ٹی آئی پر مشتمل اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ایک وفد نے مجھ سے آکر اسی معاملے پر ملاقات بھی کی،سندھ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ اس بل کو اسمبلی میں صحیح انداز میں پارلیمانی روایات کے مطابق پیش کرتی۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اورانشاء اللہ یہ امن و امان سدا قائم رہے گا۔ سندھ پولیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ مراد علی شاہ اک ذمہ دار شخص ہیں اور سندھ پولیس کے افسران کے معاملے پر ان کا یہ ردعمل مناسب نہیں ہے ۔تقریب کے اختتام پر گورنرسندھ نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹویوٹا لینڈ کروزر فار چیونر ، انعامی رقم پر مشتمل چیکس اور ٹرافیاں تقسیم کیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں