مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو 90لاکھ کم کردیا گیا ہے،زاہد سعید

قومی اسمبلی کی دس اور صوبائی اسمبلی کی 25نشستیںاور40فیصد وسائل کم ہوئے مگر اس پر کسی نے بھی احتجاج نہیں کیا کراچی دنیا کا چھٹا بڑا شہرہونے کے باوجود پانی ، بجلی اور دیگر سہولتوں سے محروم ہے ، متحدہ مجلس عمل اقتدارمیں آکر عوام کو بنیادی ضروریات کی سہولتیں فراہم کرے گی، نامزد امیدوار ایم ایم اے

جمعہ 20 جولائی 2018 23:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کی جانب سے حلقہ NA-244ن قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار زاہد سعید نے کہا ہے کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو 90لاکھ کم کردیا گیا ،جس سے قومی اسمبلی کی دس اور صوبائی اسمبلی کی 25نشستیںاور40فیصد وسائل کم ہوئے مگر اس پر کسی نے بھی احتجاج نہیں کیا۔کراچی دنیا کا چھٹا بڑا شہرہونے کے باوجود پانی ، بجلی اور دیگر سہولتوں سے محروم ہے ، متحدہ مجلس عمل اقتدارمیں آکر عوام کو بنیادی ضروریات کی سہولتیں فراہم کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں کراچی ایڈمن سوسائٹی اور نیو سندھی کالونی میں مختلف عوامی اجتمات اورکارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی ایس 103کے نامزد امیدوار جنید مکاتی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

زاہد سعید نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی میں 35 سال بعد لوگ بے خوف و خطر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔پچھلے ادوار میں اس شہر کے لوگ اپنا سرمایہ دوسرے شہروں اور ملکوں میں منتقل کررہے تھے۔

کیونکہ کسی کو بھتے کی پرچی ملی تو کسی کی فیکٹری کو جلا دیا گیااور کسی کی بوری میں بند لاش ملتی تھی ۔ اس شہر میں بسنے والے عوام اور تاجروں نے بڑے بُرے حالات کا سامنا کیا ہے اگر اس شہر کو مخلص اور دیانت دار قیادت میسر آجائے تو یہ شہر لاہور سے کئی گنا بہتر شہر بن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے کراچی کی 20 صوبائی نشستوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیئے، بد قسمتی سے آبادی کو کم ظاہر کرکے کراچی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے ۔

یہ شہر جیسا بھی ہے ہم سب کی ملکیت ہے، پچھلے ادوار میں چائنہ کٹنگ کا لفظ روشناس کرایا گیا اور پارکوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی اگر ہم سب کراچی کی اونر شپ لیں تو یہ شہر مثالی شہر بن جائے گا۔جنید مکاتی نے کہا کہ جن کو پہلے مینڈٹ ملا انہوں نے کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ نہیں لڑی، کسی نے اس شہر میں پانی میں اضافے کے لئے کوششیں نہیں کیں، 14 سال مکمل کے باوجود K-4 منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، ہم نے صرف دعوے اور وعدے نہیں کئے بلکہ ترقیاتی کام کرکے دکھائے جس کے عوامی حلقے معترف ہیں۔

منتخب ہوکر کراچی کے لئے وفاق اور صوبے سے خصوصی پیکج حاصل کریں گے، اس کے ساتھ اسمبلیوں میں سودی نظام سے چھٹکارا اور اسلامی نظام رائج کرنے کی آواز اٹھائیں گے۔اگر کرپشن کا بازار گرم رہے گا تو ترقیاتی کام کس طرح بہتر تکمیل تک پہنچیں گے۔# ن

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں