صنعتی زونز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اکرام اللہ دھاریجو

بدھ 21 اگست 2019 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے، صنعتی زونز کے مسائل بشمول پانی، گیس ، بجلی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے مذید کہا کہ بلاشبہ صنعتی زونز کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم ہم تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی صنعتی ترقی سے ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر خاص کر سندھ میں صنعتیں زوال کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ ان کا موثر اور جامع حل تلاش کیا جائے اور یہ مسائل وفاقی حکومت تک بھی پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جب تک ہم صنعتی میدان میں ترقی نہیں کریں گے اس وقت عام آدمی کی خوشحالی ممکن نہیں ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے بھر میں صنعتوں کا جال بچھایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں اور سرکاری شعبے پر بھی دبا کم ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں