تحریک انصاف کے چرب زبان وزیروں کا کام ہی جھوٹ بولنا اور الزام تراشیاں کرنا رہ گیا ہے، تیمور تالپور

ہفتہ 4 جولائی 2020 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چرب زبان وزیروں کا کام ہی جھوٹ بولنا اور الزام تراشیاں کرنا رہ گیا ہے، حکومت اپنے خلاف کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔ چینل 24 پر پابندی کی سخت مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ اب حکومت ،حکومتی جرائم کو بے نقاب کرنے والے میڈیا اداروں کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، اور اپنی کرپشن چھپانے کیلئے چینل 24 پر پابندی عائد کر دی ہے۔

صوبائی وزیر تیمور تالپورنے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جب طوطا فال نکالنے والے کو وزیر ریلوے بنایا جائے گا تو ریل حادثات یونہی ہوں گی۔

(جاری ہے)

کل بیسیوں گھر اجڑ گئے لیکن پنڈی کے مسخرے کو فکر ستا رہی ہے کہ مائنس ون ہو گا یا مائنس تھری۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹی اور من گھڑت جے آئی ٹی رپورٹ لہرا کر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر الزام لگانے والے اس بے شرم وفاقی وزیر علی زیدی کو حقیقی جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ان ارکان اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ ختم نہ کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کررہا ہے اور غریبوں کو بجلی سے محروم کررہا ہے۔ بجلی ہر انسان کی ضرورت ہے آسائش نہیں ہے اس لیے حکومت فوری طور پر کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لے اور عوام کو مکمل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ تحریک انصا ف کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کے اعلان پر صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ ایک طرف کے الیکٹرک کو بجلی مہنگی کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو دوسری طرف مظاہرہ کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں۔

صوبائی وزیر تیمور تالپور نے مزید کہا کہ حکومت 22 ماہ میں اب تک ایف بی آر کے 5 چیئرمین لگا چکی ہے۔ اس کے باجود ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل نہیں کر پارہی۔ اگر ٹیکس وصولیاں بڑھانی ہیں تو چیئرمین ایف بی آر کو قربانی کا بکرا بنانے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے نااہل اور کٹھ پتلی وزیر اعظم کو ہٹانا ہوگا۔ ایمانداری کے ڈھول پیٹنے والے نیازی کے دور حکومت میں صرف پاور سیکٹر میں 3ہزار ارب روپے کی کرپشن سامنے آئی ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں