تاریخ نے ثابت کیا کہ جناح درست تھے: یوم آزادی پر وائس آف سندھ کا خصوصی سیمینار

ہفتہ 15 اگست 2020 00:20

تاریخ نے ثابت کیا کہ جناح درست تھے: یوم آزادی پر وائس آف سندھ کا خصوصی سیمینار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2020ء) تاریخ نے ثابت کر دیا کہ محمد علی جناح درست تھے، جناح کی نظر میں سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں، خادم تھے، قرارداد پاکستان کو وقت نے درست ثابت کیا، ان خیالات کا اظہار وائس آف سندھ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار "جناح، تم درست تھے" کے شرکا نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر اقرا یونیورسٹی، ای ڈی سی بلڈنگ آڈیٹوریم میں "جناح, تم درست تھے" کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور سیاستدانوں، دانشوروں، بزنس مینوں اور دفاعی تجزیہ کاروں نے شرکت کی۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی ایونٹ کے مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار سے سابق سفیر اور سابق وزیر خارجہ عبدالله حسین ہارون، سیکیورٹی امور کے ماہر بریگیڈیئر حارث نواز، ممتاز سیاست دان اور سابق ڈپٹی میئر طارق حسن، نامور ایجوکیشنسٹ و سیاست دان حنید لاکھانی، سی پی ایل سی کے سابق سربراہ احمد چنائے اور معروف بزنس مین، راشد صدیقی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

شرکا کا کہنا تھا کہ جناح کشمیر کی حیثیت سے واقف تھے، ہمیں بہ طور قوم خود کو مضبوط کرنا ہوگا، کانفرنس اور سیمینار کرکے عوام کو بتایا جائے کہ جناح کیسا پاکستان چاہتے تھے۔ ایونٹ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینار میں آزادی کے حوالے سے ڈاکٹر عمیر ہارون کی خصوصی پیشکش ڈراما جناح تم درست تھے دکھایا گیا، جسے حاضرین محفل کی جانب سے سراہا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں