تیسری بار سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت بر سر اقتدار آنے کے باوجود صوبے کے عوام آج زندگی کی بنیادی ضرورت پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں، محمد حسین محنتی

منگل 22 ستمبر 2020 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو عوامی امیدوں کے برعکس قرار دیتے ہوئے کارکنان کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا سندھ مسائل کا شکار ہے۔ تیسری بار سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت بر سر اقتدار آنے کے باوجود سندھ کے عوام آج زندگی کی بنیادی ضرورت پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں۔

مسائل کا واحد حل حقیقی تبدیلی اور دیانتدار قیادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے حالیہ بارشوں کے بعد سندھ میں ہونے والے ریلیف سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ رکھی جبکہ دیگر دعوتی و تنظیمی امور پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محمد حسین محنتی کے بہنوئی سمیت دیگر مرحومین کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی گئی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں نے اپنے اقدامات سے عوام کو مایوس کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی سے لیکر ایف اے ٹی ایف قانون سازی سمیت عملی طور پر وہ ذاتی مفادات کی خاطرحکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ جماعت اسلامی نے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کر کے درست فیصلہ کیا ہے۔ اسلئے جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ، اصلاح معاشرہ، سود کے خاتمے سمیت عوام کے سلگتے مسائل پر اپنی جدجہد جاری رکھے گی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں