کراچی،شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق

جمعہ 16 اپریل 2021 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2021ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سائٹ ایریا اورنیو کراچی سے ایک نوزائیدہ بچے سمیت 2 افرادکی لاشیں ملیں، پولیس نے 2ڈرائیور کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر بچہ جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، متوفی کی عمر تقریباً 12سال ہے ، وقوعہ کے وقت وہ سڑک عبور کررہا تھا کہ حادثے کا شکارہوگیا ، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا ، بچے کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کردی۔

ٹیپو سلطان کے علاقے میں بلوچ کالونی فلائی اوور کے قریب دو واٹر ٹینکر انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ریس لگارہے تھے ، اس دوران ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، دونوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسے ، پولیس کے مطابق متوفیوں کی شناخت50سالہ عبدالرشید ولد سکندر اور21سالہ محمد وقاص ولد محمد یوسف کے نام سے کی گئی ہے ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمے دار دونوں ڈرائیوروں انوار اور خالد کو گرفتار کرکے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بلوچ کالونی کے علاقے بلوچ پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر 48سالہ شکیل ولد غلام الہی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی پولیس کے مطابق پولیس واقعے کی مزید تفتیش کرہی ہے۔بہادرآباد کے علاقے مین شاہراہ فیصل نزد کار ساز فلائی اوور پر تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں اس پر سوار50سالہ غلام حیدرولد نصیر محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا،جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔

بلوچ کالونی کے علاقے محمودآباد نمبر6سٹی اسکول کے قریب تیزرفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے 55سالہ راہگیرعبدالرشید کو ٹکر ماردی اور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا،متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ،پولیس ک مطابق متوفی محمودآباد کا رہائشی تھا۔جیکسن کے علاقے کیماڑی گیٹ نمبر15پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے نوجوان نے بھی سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا ،بعدازاں دونوں متوفین 30سالہ سمیرشاہ اور22سالہ احمدشاہ کی لاشیں ورثائ تدفین کیلئے آبائی شہر مانسہرہ لیکر روانہ ہوگئے۔

علاوہ ازیںبلال کالونی کے علاقے نیو کراچی دو منٹ چورنگی نزد فائزہ ہائیسٹ کے قریب کچرا کنڈی سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی جسے پولیس نے ضرروی کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ایدھی سرد خانے منتقل کردی۔جبکہ سائیٹ اے کے علاقے حبیب بینک چورنگی پر افضا اطلاف فلائی اوور کے نیچے لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 70سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق متوفی طبعی جان سے گیا،جبکہ اس کی فوری طور پرشناخت نہیں ہوسکی،تاہم پولیس نے لاش کو سردخانے منتقل کردیا ہی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں