50فیصد حاضری کے ساتھ چھٹی کلاس سے آٹھویں کلاس تک اسکول کھولنے کا اعلان

اتوار کا دن کوویڈ سے متعلق ایس او پیز کے حوالے سے منایا جائے گا، صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کوویڈ کی وجہ سے 2 دن بند کی جانے والی کاروباری سرگرمیاں اب صرف ایک دن یعنی اتوار کو بند رہیں گی

پیر 14 جون 2021 23:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت یہاں پیر کو وزیراعلی ہائوس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس نے آج (منگل) سے 50فیصد حاضری کے ساتھ چھٹی کلاس سے آٹھویں کلاس تک اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اتوار کا دن کوویڈ سے متعلق ایس او پیز کے حوالے سے منایا جائے گا۔ صوبائی وزرا، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی ، سید ناصر شاہ ، جام اکرام دھاریجو، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران منہاس، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، سیکرٹری صنعت ریاض الدین ، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر سارہ خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، کور فائیو اور رینجرز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں تشخیص کی شرح کم ہوکر 4.5 فیصد تک آ گئی ہے۔ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 9.5 فیصد اور حیدرآباد میں 5.65 فیصد کیسز ہیں۔ کراچی شرقی میں 12 فیصد، کراچی جنوبی 9 فیصد ، کراچی غربی 8 فیصد ، اور وسطی 7 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ صرف جون میں کوویڈ کے 192 مریض انتقال کر چکے ہیں، مئی 2021 میں 392 مریض اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تشخیصی شرح کم ہونا شروع ہو گیا ہے اور امید ہے کہ اگر ایس او پیز کو صحیح طریقے سے عمل کیا جاتا رہا تو اس میں مزید کمی واقع ہوجائے گی۔ٹاسک فورس کے ممبروں کی سفارش پر وزیر اعلی سندھ نے منگل سے چھٹی کلاس سے آٹھویں کلاس تک اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اگر کوویڈ کی صورتحال میں مزید بہتری آئی تو پرائمری کلاسز بھی 21 جون سے کھول دی جائیں گی۔

وزیراعلی سندھ نے فیصلہ کیا کہ این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ کوویڈ کی وجہ سے 2 دن بند کی جانے والی کاروباری سرگرمیاں اب صرف ایک دن یعنی اتوار کو بند رہیں گی۔ ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس ہفتے کو ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے مطابق فیصلے کیے جائینگے۔ سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک کورونا کی 3035998 خوراکیں ملی ہیں جس میں سے 2466458 استعمال ہوچکی ہیں۔

اس پر وزیراعلی سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کریں۔ سید مراد علی شاہ نے ایک نجی شخص کے ذریعہ ایکسپو سینٹر میں ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بیچنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو مجرم کو گرفتار کرنے اور اسے دوسروں کے لئے مثال بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس طرح کی بدعنوانی برداشت نہیں کرسکتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں