نبی کریم ؐ اور صحابہ کرام ؓ سے اظہار محبت کے لیے 8ذیقعد کو’’ یوم خندق ‘‘منایا جائے ، این ایل ایف

ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت ہر سال عام تعطیل کا اعلان کرے ، یوم خندق کے حوالے سے تقریب سے زاہد عسکری ، خالد خان و دیگر کا خطاب سرمایہ دارانہ نظام نے مزدوروں کا استحصال کیا ، نظام کے عادلانہ و منصفانہ نظام سے ہی مسائل حل ہوں گے ، مقررین

اتوار 20 جون 2021 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) نیشنل لیبر فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ نبی کریم ؐ اور جاں نثار صاحبہ کرام ؓ سے عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے 8ذیقعد ’’یوم خندق‘‘ کو سرکاری سطح پر یوم مزدور کے طور پر منایا جائے اور ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت ہر سال اس دن عام تعطیل کا اعلان کرے ، شگاگو میں ہونے والے واقعات کے حوالے سے عالمی یوم مئی کا ہمارے دین اور تہذیب و ثقافت سے کوئی تعلق نہیں ۔

سرمایہ دارانہ نظام نے مزدوروں کی حق تلفی اور استحصال کیا ہے ۔ مزدوروں اور محنت کشوں کے مسائل کا حل اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام میں ہی ہے ۔ مزدور اسلامی انقلاب کی جدوجہد کا ہر اول دستہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ایل ایف کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں 8ذیقعد ’’یوم خندق‘‘ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی این ایل ایف پاکستان کے سابق جنرل سیکریٹری ، پاسلو کے سابق صدر اور جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری تھے ۔ تقریب سے این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان ، نائب صدر محمد خالق ، سیکریٹری قاسم جمال اور جوائنٹ سیکریٹری رضوان علی نے بھی خطاب کیا ، جبکہ نائب صدر محمد سلیم نے مزدوروں کے مسائل بالخصوص سندھ ورکرز بورڈ میں ہونے والی کرپشن اور مزدوروں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔

زاہد عسکری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایل ایف نے سن1985 میں 8ذیقعد کو ’’یوم خندق‘‘ منانے کا فیصلہ کیا اور غزوہ خندق کے دوران نبی کریم ؐ اور صحابہ کرام ؓ کی تاریخی جدو جہد ، قربانی و ایثار کے ایام کے حوالے سے ’’ایام عظمت محنت ‘‘ منانے کا بھی فیصلہ کیا اور ہر سال 8ذیقعد ’’یوم خندق‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سرکاری سطح پر بھی یوم مئی کی جگہ یوم خندق منائیں اور حضور ؐ سے محبت و عقیدت اور چاہت کا اظہار ، پختہ سیرت و کردار اور ایثار کی شمعیں روشن کریں ۔

نبی کریم ؐ نے جس قائدانہ کردار کا درس اور سبق دیا ہے اسے اپنی زندگی میں اپنائیں کہ جب صحابہ کرام ؓ نے مدینہ منورہ کے تحفظ کے لیے خندق کھودنے کے طویل عمل کے دوران مشقت ، سختی اور بھوک کا اظہار کیا اور بتایا کہ پیٹ پر پتھر باندھ کر راہِ خدا میں لگے ہوئے ہیں تو نبی کریم ؐ نے اپنا پیٹ دکھایا جس پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے ۔ آپ ؐ اس پورے عمل میں صحابہ کرام ؓ کے ساتھ کدال لے کر شریک رہے ، اس لیے ہمارے لیے یہ تاریخی ایام شگاگو میں ہونے والے واقعات کی نسبت زیادہ قابل احترام و عقیدت والے ہیں۔

زاہد عسکری نے کہا کہ کردار کی پختگی بہت بڑی دولت اور دلیل بہترین ہتھیار ہے ، این ایل ایف نے ان ہی کی بدولت مزدور تحریک میں مضبوط نظریاتی جدو جہد کا آغاز کیا اور اس دور میں جب کمیونزم اور کمیونسٹ انقلاب کا بہت زور و شور تھا اسلامی انقلاب کا پرچم لہرایا اور مزدورں کو منظم متحرک اور متحد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج مزدور تحریک زوال کا شکار ہے اور بڑی بڑی فیڈریشنز اور تنظیمیں ماضی کا حصہ اور قصہ پارینہ بن گئی ہیں لیکن الحمداللہ این ایل ایف کی جدو جہد 50سال سے جاری ہے اور جاری رہے گی ۔

خالد خان نے کہا کہ ظلم و استحصال کے نظام اور کرپشن کے دور میں این ایل ایف امید کی کرن اور درخشندہ ستارہ ہے ۔ کمیونزم کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا دعویٰ کرنے والے اور دوسروں پرامریکہ کے ایجنٹ ہونے کا الزام لگانے والے آج مفاد پرست ٹولے کی شکل اختیار کر گئے ہیں اور امریکہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے آلہ کار بن کر اس کی کاسہ لیسی میں لگے ہوئے ہیں، محنت کشوں کی قیمتیں لگانے والے اور یونینز کے ذریعے سودے بازی کرنے والے کبھی مسائل حل نہیں کر سکتے ۔ این ایل ایف ہی مزدوروں کی اصل ترجمان ہے اور اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام کے ذریعے ہی مزدوروں کے مسائل حل ہوں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں