کنٹونمنٹ میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں گے ،حافظ نعیم الرحمن

عوام نے ہر قسم کے تعصب اور نفرت کو مسترد کردیا ،جماعت اسلامی اہل کراچی کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ،استقبالیے سے خطاب

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں گے اور تمام سیاسی و پارٹی وابستگی سے بالا تر ہوکر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مسائل حل کرائیں گے ،عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ہر قسم کے تعصب ،نفرت اور لسانیت کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب بنایا ،جماعت اسلامی کنٹونمنٹ سمیت پورے شہر کے مسائل کے حل اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حق کے لیے جدوجہد کررہی ہے ، جماعت اسلامی وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرتی رہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 2کے نو منتخب کونسلر سید ابن الحسن ہاشمی کی کامیابی کے حوالے سے منعقدہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،استقبالیے سے بلدیہ عظمی میں جماعت اسلامی کے سابق پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی ،ضلع شرقی کے نائب امیر نعیم اختر ،علاقہ فیصل کینٹ کے ناظم عبدالرحیم شہزاد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،استقبالیے میں گلشن جمال ،عسکری 4،سی او ڈی اور پولیس لائن کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و الیکشن سیل کے نگراںراجہ عارف سلطان ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،کرنل ریٹائرڈ عبدالمغنی ،امیر حسن اور دیگر بھی موجود تھے ،استقبالیے میں انتخابی مہم میں شریک ہونے والوں نوجوانوں کو تحائف بھی دیئے گئے ،جن میں جے آئی یوتھ شرقی کے صدر صمد اشعر اور دیگر شامل تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی کے بانی مولانا سیدابوالاعلی مودودی-ؒکے یوم وفات (22ستمبر)کے حوالے سے کہا کہ سید مودودیؒایک عظیم مفکر،مدبراور قائد تھے ،انہوں نے اسلام کے احیا ء اور اقامت دین کی جدوجہد کا آغاز اپنی تحریروں سے کیا اور ان تحریروں کو تحریک کا روپ دیا ،سامراج اور طاغوت کی غلامی سے نکلنے کے لیے اسلام کو ایک مکمل نظام حیات کے طور پر پیش کرتے ہوئے دین کے غلبے کی جدوجہد کے لیے جماعت اسلامی کو منظم کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں نمایاں اور مثالی کردار ادا کیا ہے ،عبدالستارافغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں جو تعمیراتی اور ترقیاتی پروجیکٹ مکمل کیے گئے وہ کسی اور دور میں نہیں ہوئے ،کراچی میں پانی بھی ان ہی کے دور میں آیا ،عبدالستار افغانی نے حب ڈیم منصوبے کے ذریعے پانی کا انتظام کیا اور پھرنعمت اللہ خان K-3منصوبے کے ذریعے پانی کراچی لائے اور مزید 650کے لیے K-4منصوبہ شروع کیا جو بدقسمتی سے تاحال نامکمل ہے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے حکومت میں رہ کر اور مل کر اسے تباہ کیا اور مکمل نہ ہونے دیا ،پی ٹی آئی نے بھی تین سال میں عملاًًK-4 کے لیے کچھ نہیں کیا ،اسی طرح کراچی کی موجودہ حالت زار اور تباہی و بربادی کی ذمہ داری بھی ان ہی حکمران پارٹیوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے ،کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابی پیش رفت کے بعد بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی ایک بڑی اور موثر سیاسی قوت بن کرسامنے آئے گی ۔

جنید مکاتی نے کہا کہ اس کامیابی پر ہم عوام کی عظمت اور شعور کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے اصل ہمدردوں کو ووٹ دیکر کامیاب کرایا ،ہمارے نمائندے عوام کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔نعیم اختر نے کہا کہ ابن الحسن ہاشمی کی فتح ان کی ذات یا جماعت اسلامی کی فتح نہیں بلکہ پورے وارڈ کے عوام کی فتح ہے ،یہ علاقے میں پانی سمیت دیگر مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور عوام کو ضرور ریلیف دلائیں گے ۔

سید ابن الحسن ہاشمی نے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا وہ اس پر ضرور پورا اتریں گے،عوام نے خود غرض ،وعدہ خلاف اور ووٹ لے کر بھول جانے والوں کو مسترد کردیا ہے ،پانی کا مسئلہ اب صرف مقامی نہیں رہا بلکہ شہر کا بڑا مسئلہ بن گیا ہے ،جماعت اسلامی کراچی کی سطح پر اسے حل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ،مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی اور ہم عوام کے ساتھ ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں