اہل غزہ نے وہ کام کیا جو عالم اسلام کے حکمران نہ کر سکے ،ْ جاوداں فہیم

غزہ کے مسلمانوں نے بیت المقدس کو بچانے کے لیے اپنے بچے اور اپنا سب کچھ داؤ پر لگادیا۔ناظمہ کراچی کا دعائیہ تقریب سے خطاب

جمعرات 28 مارچ 2024 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ غزہ کے مسلمانوں نے وہ کام کیا جو 58 اسلامی ممالک کے حکمران نہ کر سکے۔ غزہ کے مسلمانوں نے بیت المقدس کو بچانے کے لیے اپنے بچے اور اپنا سب کچھ داؤ پر لگادیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرآن انسٹیٹیوٹ کیمپس 5 گلِ خیرن میں ختم القران کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ بندوں کو قریب کرنا چاہتا ہے بندہ اللہ کو جب بھی پکارتا ہے اللہ متوجہ ہو جاتا ہے۔ اللہ بندے کی رگ گردن سے بھی قریب ہے۔قرآن کی سابقہ امتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنی اسرائیل کو اللہ نے بہت نعمتیں دیں ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ اللہ کے دین کو دنیا میں نافذ کریں مگر بنی اسرائیل نے نہ مانا، ناشکری کی، تو وہ جھٹلا دیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بنی اسرائیل کے انجام سے سبق لینا ہے۔ہمیں چاہیے کہ قران کو سننا، عمل کرنا، اور ثابت قدم رہنا، نہ چھوڑیں اللہ سے بار بار توبہ کرتے رہیں وہ توبہ قبول کرنے والا ہے ،مایوس نہ ہو ں،مایوسی شیطان کا ہتھیار ہے۔پختہ ارادہ کریں اور پھر اس پر ثابت قدم رہیں۔تقریب کے اختتام میں حفظ قران مکمل کرنے والی بچیوں کو اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر نائب ناظمات ضلع ائیر پورٹ حمیرہ اشرف اور ہاجرہ نسیم نے بھی شرکت کی۔غزہ کے مسلمانوں نے بیت المقدس کو بچانے کے لیے اپنے بچے اور اپنا سب کچھ داؤ پر لگادیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں